سرینگر//کشمیری پنڈتوں نے نئی دہلی میں منعقدہ کل جماعتی میٹنگ میں دعوت نہ دینے کیخلاف جموں میں علامتی احتجاج کیا۔کے این ایس کے مطابق کشمیری مہاجر پنڈتوں نے جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے بلائی جانے والی کل جماعتی میٹنگ میں دعوت نہ دئیے جانے پر پریس کلب کے باہر علامتی احتجاج درج کیا۔احتجاجیوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے اور نعرے بازی بھی کی۔اس موقعہ پر پنڈتوں کی ایک تنظیم کے ذمہ دار سنجے گنجو نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کو ہمیشہ نظرانداز کیا گیا ہے اور جمعرات کوبھی جو اہم میٹنگ بلائی گئی اس میں ہمارے نمائندے کو شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔انہوں نے کہاکہ آج کشمیر پر اہم میٹنگ ہو رہی ہے لیکن ہمارے کسی بھی نمائندے کو اس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیری پنڈتوں کے ریاستی قانون سازیہ میں 4 نمائندے اور پارلیمنٹ میں 2 نمائندے ہونے چاہیں۔سنجے گنجو نے کہا کہ جموں وکشمیر پر ہونے والی اس بات چیت میں ہمارے مستقل باز آباد کاری کی بات بھی ہونی چاہئے۔ایک اور احتجاجی نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کو گذشتہ تیس برسوں سے نظر انداز کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کا اپنا حق ملنا چاہئے۔