کوٹرنکہ //سب ڈویژنل کوٹرنکہ میں ہر سو بازار، گلیوں اور نالیوں میں گندگی پھیلی ہوئی ہے اور جگہ جگہ سڑک پر کچرے کے ڈھیر جمع ہیں جن سے اٹھتی بدبو نے لوگوں کا جینا حرام کررکھاہے ۔بازار سے گزرنے والی سڑک پر گندا پانی بہتا رہتا ہے جس سے راہگیروں کو سخت تکلیف ہوتی ہے ۔شہر کی جامعہ مسجد اور بلاک ڈولپمنٹ دفتر کے سامنے والی نالی کی حالت کچھ زیادہ ہی خراب ہے، اس نالی کو صاف کرنے کی متعدد بار اپیل کی گئی لیکن یقین دہانی کے سوا کچھ بھی نہیں کیاگیا۔جامعہ مسجد میں نمازیوں کو اس گندی نالی کی وجہ سے بہت ہی دشواری ہو رہی ہے۔ مچھر مسجد میں گھس جاتے ہیں اورعفونت بھی نمازیوں کا پیچھا نہیں چھوڑتی۔ جامعہ مسجد کے عقب میں دارالعلوم الجامعہ القادریہ ہے جس میں کافی تعداد میں بچے زیر تعلیم ہیں جو بھی گندگی کی وجہ سے پریشان ہوتے ہیں ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ یہاں بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے اس لئے گندگی کو فوری طور پر ٹھکانے لگایاجائے ۔انہوںنے کہاکہ حکومت کی طرف سے چلائی جارہی سوئوچھ بھارت مشن نامی مہم یہاں کچھ بھی تبدیل نہیں کرسکی ہے اور علاقے میں گندگی سے مسائل بڑھتے ہی جارہے ہیں ۔