عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں۔کٹرہ۔سری نگر۔بارہمولہ ریلوے لائن پر پہلے سے موجود کثیر سطحی سیکورٹی انتظامات کے علاوہ 21سیکورٹی اہلکار، جن میں آر پی ایف کمانڈوز بھی شامل ہیں، جموں۔سری نگر وندے بھارت ایکسپریس سروس کی حفاظت کریں گے، جس کا افتتاح ریلوے وزیر اشونی ویشنو نے جمعرات کو کیا۔انڈین ریلوے پروٹیکشن فورس سروس کے پرنسپل چیفسیکورٹی کمشنر پنکج گنگوار نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا،’’آج جموں سے اس سروس کا آغاز ہوا ہے جبکہ اس کی باقاعدہ سروس 2مئی سے شروع ہوگی‘‘۔انہوں نے بتایا’’ابتدائی سیکورٹی کے لئے ’ون پلس ٹوئنٹی‘گارڈ سسٹم تعینات کیا گیا ہے۔
ایک انسپکٹر ٹیم کی قیادت کرے گا جبکہ آٹھ آر پی ایف کمانڈوز راستے بھرسیکورٹی کو یقینی بنائیں گے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ اہلکار جدید ہتھیاروں سے لیس ہیں۔عہدیدار کے مطابق،سیکورٹی کے لئے ٹرین سے پہلے ایک پائلٹ گاڑی بھی چلائی جائے گی جو صبح کے وقت آگے جا کر راستے میں موجود کسی بھی خامی کو دور کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ہر دو کلومیٹر پر گارڈ پوسٹس قائم کی گئی ہیں، جہاں گورنمنٹ ریلوے پولیس اور سول پولیس پر مشتمل کوئیک ریسپانس ٹیمیں تعینات ہیں۔انکاکہناتھا’’کسی بھی اطلاع ملنے پر یہ ٹیمیں فوری طور پر متاثرہ علاقے کو محفوظ بنائیں گی‘‘۔سرنگوں کی سیکورٹی کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ایک ٹنل کنٹرول سسٹم قائم کیا گیا ہے، جسے انجینئرنگ ٹیموں اور گورنمنٹ ریلوے پولیس مشترکہ طور پر چلاتی ہیں۔انکاکہناتھا’’سرنگوں میں سینسر نصب کیے گئے ہیں جو کسی بھی غیر معمولی سرگرمی، جیسے آگ یا دراندازی، کی نشاندہی کرتے ہیں اور فوراً الارم بجا دیتے ہیں۔ سرنگوں کے دونوں سروں پرسیکورٹی تعینات ہے‘‘۔ایمرجنسی کی صورت میں مسافروں کے محفوظ انخلا کے لئے ایگزٹ ٹنلز بھی فراہم کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پھنسے ہوئے مسافروں کو بحفاظت نکالا جا سکے۔انہوں نے کہا’’پورے روٹ پر مکمل اور مضبو ط سیکورٹی موجود ہے۔ اس کے علاوہ کشمیر کے عوام کی محبت اور تعاون بھی اس سروس کی حفاظت کے لئے ایک مضبوط یقین دہانی ہے‘‘۔آر پی ایف کمانڈوز، جنہیں عام طور پر کوراس (Commandos for Railway Safety) کہا جاتا ہے، کو گزشتہ سال کٹرہ-سری نگر ریلوے لنک پر وندے بھارت ٹرینوں کی سیکورٹی کے لئے تعینات کیا گیا تھا، جو وادی کشمیر کو کٹرہ (ماتا ویشنو دیوی کے بیس کیمپ) سے جوڑتا ہے۔