پونچھ//غیر سرکاری تنظیم جموں و کشمیر انصاف مؤمنٹ نے کشمیر میں شہری ہلاکتوں کی مذمت کی ہے ۔ پونچھ میں مؤمنٹ کے صدر جاوید اقبال ریشی کی قیادت میں ایک احتجاج کرتے ہوئے تنظیم کے ارکان نے کہاکہ کشمیر میں نہتے اور بے گناہوں پر ہو رہا تشدد قابل مذمت ہے ۔ مظاہرین نے کہا کہ کشمیر میں نوجوانوں کے خون کی ندیاں بہہ رہی ہیں اور ریاستی وزیر اعلیٰ و ان کی کابینہ کے وزراء اقتدار کی کرسیوں سے چپکے ہوئے ہیں جن کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ انہوں نے کشمیر میں انسانیت کے خون پر روک لگانے کامطالبہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت اس مسئلے کو سلجھانے میں ناکام ہو رہی ہے تو اسے کرسی اقتدار پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔ انہوں نے سبھی مسائل کو قانون کے دائرے میں رہ کر بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی اپیل کی ۔احتجاج میں عبدالرشید شاہ پوری، آزاد چوہان، معروف چوہان، ولی محمد شیخ وغیرہ بھی تھے۔