جموں//ڈوگرہ فرنٹ اور شو سینا کی طرف سے کشمیر سنٹرل یونیورسٹی کے چند طلباء کی طرف سے جن گن من کا احترام نہ کرنے کے خلاف مظاہرہ کیا گیا۔ اشوک گپتا کی قیادت میں نکالے گئے اس مارچ میں شامل افراد نے ہاتھوں میں بینر پکڑ رکھے تھے جس میں مرکزی سرکار سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ معاملہ کا سنجیدہ نوٹس لے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے جس کے مطابق سنٹرل یونیورسٹی کشمیر میں ایک تقریب کید وران ہندوستانی قومی ترانہ بجائے جانے کے وقت کچھ طلباء کھڑے نہیں ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مرکزی وزارت داخلہ کی گائیڈ لائنز کے مطابق قومی ترانہ بجائے جانے کے وقت سبھی کے لئے اٹنشن کھڑا ہونا لازم ہے ۔ اشوک گپتا نے مطالبہ کیا کہ قومی ترانے کی بے حرمتی کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے اور ان طلاب کی ڈگریاں منسوخ کر دی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ چین کی پارلیمنٹ نے اس سلسلہ میں قانون پاس کیا ہے جس کے مطابق قومی شعار کی بے حرمتی کرنے والوں کو نہ سرف تین سال کی سزادی جاتی ہے بلکہ ان کا آدھار نمبر بلاک ہو جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے فوجی قومی جھنڈے اور ترانے کے لئے اپنی زندگیوں کا بلیدان دے رہے ہیں اس لئے تمام شہریوں کو چاہئے کہ وہ ان کا احترام کریں ۔