کشتواڑ+سرینگر// ہونزڈ دچھن کشتواڑ میں19لاپتہ افراد کو ڈھونڈ نکالنے کی کارروائی خراب موسم کے باوجود سنیچر چوتھے روز بھی جارہی رہی۔ان 19شہریوں میں 8خواتین بھی شامل ہیں۔یاد رہے کہ 27جولائی کی شام قریب 8بجے کشتواڑ ٹائون سے تقریباً 70 کلو میٹر دور ہونزڈ دچھن کی بستی پر بادل پھٹنے کے بعد قیامت ٹوٹ پڑی تھی۔اس قہر انگیز افتاد میں 7لاشیں بر آمد کی گئیں جبکہ 17افراد کو بچا لیا گیا جن میں 5کی حالت نازک ہے۔پچھلے 4روز سے اننت نالہ میں بادل پھٹنے کے بعد کئی میٹر ملبہ اور بھاری پتھر جمع ہوچکا ہے جس میں انسانی لاشوں کو تلاش کرنے کیلئے پولیس، فوج، این ڈی آر ایف اور مقامی رضاکار لگاتار کام کررہے ہیں۔اس دوران اس دوردرواز بستی میں جو دیگر متاثرین ہیں ان کے لئے عارضی خیمے لگائے گئے ہیں اور پولیس نے انکے لئے کھانے پینے کا سامان مہیا کردیا ہے۔ادھرحالیہ بارشوں اوربادل پھٹنے کے کئی واقعات رونماہونے کے بعدجمعہ کے روزجموں وکشمیرمیں موسم خشک رہاجبکہ دن کے وقت شدیدگرمی بھی رہی تاہم سنیچر کوصبح شہر سرینگرسمیت پوری وادی اورجموں کے کئی علاقوں میں بادل چھائے رہے جبکہ کوکرناگ اوروائلوسمیت کچھ علاقوں میں بارشیں بھی ہوئیں ۔اُدھر محکمہ موسمیات نے ایک بیان میں کہاکہ آنے والے چوبیس گھنٹوں کے دوران کشمیروادی اورجموںصوبہ کے کئی میدانی علاقوں میں ہلکی اوربالائی علاقوں میں درمیانہ درجہ کی بارشیں ہونے کاامکان ہے