یواین آئی
نئی دہلی/بی سی سی آئی نے 15 سالہ نوجوان بلے باز ویبھو سوریہ ونشی کے پہلے بین الاقوامی دورئہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دوران ان کے والدین کو بھی ساتھ جانے کی اجازت دے دی ہے تاکہ وہ ممکنہ چیلنجز سے نمٹنے میں ان کی مدد کر سکیں۔ بی سی سی آئی کے سکریٹری دیواجیت سیکیا نے کہا کہ بورڈ ان کے والدین کے سفر اور قیام کے اخراجات برداشت کرے گا۔سیکیا نے کہا کہ قومی ٹیم میں 14 یا 15 سال کی عمر کے کھلاڑی کا انتخاب ایک غیر معمولی بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سچن تندولکر کے بعد ویبھو جیسے کم عمر کھلاڑی کو سینئر ہندوستانی ٹیم میں جگہ ملی ہے ، اس لیے اسے پیشہ ورانہ ماحول سے ہم آہنگ کرنے کے لیے والدین کی موجودگی مددگار ثابت ہوگی۔ویبھو سوریہ ونشی کو آئی پی ایل 2026 میں شاندار کارکردگی کے بعد پہلی بار ہندوستانی-20 ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔
انہوں نے سیزن میں 776 رن 237.30 کے اسٹرائیک ریٹ سے بنا کر اورنج کیپ، ایم وی پی اور ایمرجنگ پلیئر کے اعزازات اپنے نام کیے تھے ۔اس وقت وہ سری لنکا میں ہندوستان اے کی نمائندگی کر رہے ہیں اور افغانستان اے و سری لنکا اے کے خلاف سہ فریقی سیریز میں کھیل رہے ہیں۔ حال ہی میں سری لنکا اے کے خلاف میچ کے دوران ان کا میدان میں ایک تنازع بھی سامنے آیا تھا۔اس معاملے پر سیکیا نے واضح کیا کہ بی سی سی آئی کسی کارروائی پر غور نہیں کر رہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے معاملات کا فیصلہ میچ ریفری اور امپائرز کے دائرئہ اختیار میں آتا ہے اور بی سی سی آئی اس میں مداخلت نہیں کرے گا۔ویبھو نے سہ فریقی سیریز میں اب تک چار اننگز میں 117 رن 153.94 کے اسٹرائیک ریٹ سے بنائے ہیں، جبکہ ہندوستان اے 21 جون کو دمبولا میں ہونے والے فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے ۔