عظمیٰ ویب ڈیسک
گاندربل/ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کے روز وسطی ضلع گاندربل کے تولہ مولہ علاقے میں واقع ماتا کھیربھوانی مندر کا دورہ کر کے سالانہ کھیربھوانی میلہ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ 22 جون کو منعقد ہونے والے میلہ سے قبل تمام زیر التوا کام مکمل کر لیے جائیں گے۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ ملک بھر اور دنیا کے مختلف حصوں سے عقیدت مند ماتا کھیربھوانی کے درشن اور آشیرواد حاصل کرنے کے لیے میلہ میں شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ نہ صرف وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے بلکہ مقامی رکن اسمبلی کے طور پر بھی انتظامات کا جائزہ لینے آئے ہیں۔ ان کے مطابق پجاریوں اور دیگر متعلقہ افراد کی جانب سے بعض مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے جنہیں میلہ کے آغاز سے قبل حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
امرناتھ یاترا کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شری امرناتھ جی شرائن بورڈ یاترا کے انتظامات کا بنیادی ذمہ دار ہے، جبکہ حکومت یاترا کے پُرامن اور کامیاب انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ کھیربھوانی میلہ اور امرناتھ یاترا میں شرکت کرنے والے تمام زائرین اپنی مذہبی رسومات اور عبادات آسانی کے ساتھ انجام دے سکیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے جموں و کشمیر میں امن، بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے دعا بھی کی۔
گاندربل کے بعض علاقوں میں آبپاشی سے متعلق مسائل پر بات کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ کچھ علاقوں سے پانی کی قلت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جن کے ازالے کے لیے نہروں اور آبپاشی کے دیگر ذرائع کے ذریعے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے، جبکہ آبپاشی و فلڈ کنٹرول کے وزیر جاوید رانا جلد متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے افسران کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لیں گے اور ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔
پلوامہ میں کشمیری پنڈت ملازمین کے لیے تعمیر کیے جا رہے ٹرانزٹ رہائشی مراکز کے بارے میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ سہولیات وزیراعظم پیکیج کے تحت تعینات ملازمین کے لیے ہیں اور یہ منصوبہ سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے دور میں شروع کیا گیا تھا۔
کھیربھوانی میلہ:وزیر اعلیٰ نے تیاریوں کا لیا جائزہ، 22 جون سے قبل تمام زیر التوا کام مکمل کرنے کی ہداہت