عاصف بٹ
کشتواڑ // کشتواڑ میں جاری انکائونٹر کیلئے 2پیرا یونٹ کے مزید سیکورٹی فورسزدستے شامل کرلئے گئے ہیں۔حکام کا کہناہے کہ ملی ٹینٹوں کیخلاف جاری تلاشی آپریشن کے چوتھے دن اونچے علاقوں میں اضافی فوجی دستے شامل کیے گئے ہیں، جو اتوار کو ہونے والے انکائونٹر کے بعد گہرے جنگل میں فرار ہو گئے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ مسلح جھڑپ کے دوران ایک ملی ٹینٹ زخمی بھی ہوا ہے کیونکہ منگل کی سہ پہر سیکورٹی فورسز نے جنگلاتی علاقے میں خون دھبے دیکھے، جو بتایا جاتا ہے کہ تازہ تھے، جس سے یہ باور کیا جارہا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملی ٹینٹ زخمی ہوا ہو، جو اسی جنگل میں کہیں پر چھپا ہوا ہوسکتا ہے۔
حکام کے مطابق سیکورٹی فورسز نے پہلے ہی نگرانی اور چیکنگ کو تیز کرکے بارڈر سیکورٹی گرڈ اور ہائی وے سیکورٹی کو مضبوط کیا ہے۔کشتواڑ میں، سونار، مندرل-سنگھ پورہ اور چھاترو پٹی کے ملحقہ علاقوں میں اضافی دستوں کو متحرک کیا گیا تاکہ ملی ٹینٹوں کی تلاش میں تیزی لائی جا سکے، جسے فوج نے ‘آپریشن ترشی-I’ کا نام دیا ہے۔اتوار کو شروع کیے گئے آپریشن کے نتیجے میں گولی باری ہوئی، جس میں ایک پیرا ٹروپر حوالدار گجیندر سنگھ ہلاک اور سات فوجی زخمی ہوئے۔ پیر کو تصادم کے مقام کے قریب ملی ٹینٹوں کے ایک بڑے ٹھکانے کا پردہ فاش کیا گیا اور کئی افراد کو پوچھ گچھ کے لیے اٹھایا گیا۔حکام نے مزید کہا کہ ملی ٹینٹوں کیساتھ منگل کی سہ پہر سے کوئی تازہ رابطہ نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو سے تین ملی ٹینٹوں کا ایک گروپ، جو مبینہ طور پرجیش محمد سے وابستہ ہے، خیال کیا جاتا ہے کہ وہ علاقے میں موجود ہے۔حکام نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز جموں کے راجوری، پونچھ، سانبہ، کٹھوعہ، ادھم پور اور ڈوڈہ اضلاع سمیت درجنوں مقامات پر تلاشی آپریشن میں مصروف ہیں۔دریں اثنا، بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے ضلع سانبہ میں سرحدی چوکی بنڈ ٹِپ پر ایک کنٹرول دھماکے میں زنگ آلود مارٹر گولے کے ساتھ ایک بیگ کو تباہ کر دیا۔انہوں نے بتایا کہ بسنتر-دیویکا ندی کے سنگم کے قریب سکریپ جمع کرنے والے کچھ مزدوروں سے بیگ ضبط کیا گیا۔