کشتواڑ//جموں و سرحدی علاقوں میں ڈرون کی مشکوک گردش کے بعد حفاظتی انتظامات کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ نے احتیاتی طور پر ضلع میں ڈرون اور دوسری فضاء میں اڑنے والی اشیا کی خرید و فروخت و لانے لیجانے پر پابندی عائد کردی ہے جبکہ پہلے سے خریدی گئی اشیا کو نزدیکی پولیس چوکیوں میں جمع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ اشوک شرما کی جانب سے جاری کئے گئے حکمنامے کے مطابق ضلع کی فضائی حدود میں کسی بھی اڑنے والی شئے پر مکمل بندشیں عائد کی گئی ہیں۔انھوں نے کہا کہ گزشتہ8 سے10 سالوں سے ڈرون و دیگر اڑنے والی مصنوعات کا استعمال شادیوں ، پروگراموں و دیگر کاموں کیلئے زیادہ ہوگیا ہے اور کسی جانی و مالی نقصان کو بچانے کیلئے اس پر پابندی عائد کی جارہی ہے جبکہ ضلع میں ڈرون و دیگر اڑنے والی مصنوعات کے کاروبار و خریداری پر بھی پابندی عاید کی گئی ہے۔جبکہ اڑنے والے کھلونوں پر بھی پابندی لگائی دی گئی ہے اور ڈرون و اڑنے والی اشیا ء کو استعمال کرنے والوں کو پہلے سے خریدی گئی مصنوعات کو نزدیکی پولیس چوکیوں میں جمع کرنے کی ہدایت دی گئی۔ سرکاری ایجنسیوں کو کام کیلئے ڈرون کا استعمال کرنے کی صورت میں ایگزیکٹیو مجسٹریٹ و پولیس انچارج کو مطلع کرناہوگا، خلاف ورزی کرنے والوں پر سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔