عازم جان +عاصف بٹ
بانڈی پورہ+کشتواڑ// بانڈی پورہ ضلع کے گریز داور علاقے میں اتوار کی صبح بادل پھٹنے سے ایک گائے کے گودام کو نقصان پہنچا، ایک مقامی لنک روڈ کا ایک حصہ بہہ گیا۔حکام کے مطابق بادل پھٹنے سے ایک مقامی نالے کے پانی کی سطح میں اچانک اضافہ ہوا، جس سے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا اور متعدد افراد متاثرہ سڑک کے دونوں طرف پھنس گئے۔۔بادل پھٹنے کے فورا ًبعد جموں و کشمیر پولیس کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور بحالی کی کارروائیاں شروع کیں۔ بادل پھٹنے سے ایک گائے کے شیڈ اور ایک لنک روڈ کو کافی نقصان پہنچا،تاہم جانی نقصان نہیں ہوا۔ادھردچھن کشتواڑ کے کیار سڈنو علاقے میں اتوار کی صبح بادل پھٹنے کے سبب فصلوں و زرعی اراضی کو بھاری نقصان پہنچا ۔ بادل پھٹنے کا واقعہ اوپری علاقہ میں پیش آیا جسکے بعد نالوں میں سیلابی صورتحال بنی۔ کیاڑ نالے کے قریب ایک قبرستان اور زرعی اراضی و فصلوں کو بھاری نقصان پہنچا، تاہم جانی نقصان نہیں ہوا۔ ادھر چھاترو ڈوڈہ کے اوڑیل گجران گائوںکے قریب بادل پھٹنے کے بعد مٹی و ملبہ کی بھاری پسی نے فصلوں ،مسجد اور سڑک کو نقصان پہنچایا۔کشتواڑ کے ہی اوپری علاقے میں، جو کوکر ناگ کیساتھ ملتا ہے، بادل پھٹے م جس کے نتیجے میں برنگی نالہ میں سیلابی ریلے آئے تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔