فیاض بخاری
بارہمولہ// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ پونچھ اور راجوری اضلاع میں حالیہ شدید بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی صورتحال پر انتظامیہ مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے، جبکہ احتیاطی اقدام کے طور پر امرناتھ یاترا کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔بارہمولہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی اور بچائو کارروائیاں جنگی بنیادوں پر جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں ریاستی ڈیزاسٹر ریسپانس فورس، جموں و کشمیر پولیس اور دیگر متعلقہ ایجنسیاں باہمی تعاون سے کام کر رہی ہیں۔منوج سنہا نے کہا، “افسوسناک طور پر چند قیمتی جانوں کا نقصان بھی ہوا ہے ‘‘۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ متاثرہ اضلاع کے افسران سے مسلسل رابطے میں ہے اور سیلاب و لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ افراد کو ہر ممکن امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے متعلقہ تمام محکموں کو ہدایت دی ہے کہ بچائو اور راحت رسانی کی کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ متاثرین کو بروقت سہولیات اور امداد فراہم کی جا سکے۔