کنگن//غلام نبی رینہ//کرگل پولیس نے قتل کے ایک معاملے کو حل کرتے ہوئے ایک غیرریاستی شخص کو گرفتار کرنے کا دعوی کیاہے۔ ایس ایس پی کرگل عنایت علی چودھری نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ7جون کو پانی کھر پولیس پوسٹ میں نیپال کے رہنے والے ایک مزدور ارجن راوت المعروف وجے نیپالی نے بیوی کی گمشدگی کے بارے رپورٹ درج کی تھی ۔ شکایت کنندہ نے کہا تھا کہ اس کی بیوی سامان لینے کی غرض سے بازار گئی لیکن وہاں سے واپس نہیں لوٹی ۔ پانی کھر پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔ عنایت علی چودھری نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایڈیشنل ایس کرگل کی قیادت میں چار رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی اور 15 جون کو پولیس نے خاتون کی لاش کو پانی کھر میں ریت کے نیچے سے برآمد کی ۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے اس سلسلے میں مزید تحقیقات تیز کردی۔ انہوںنے کہاکہ ایک نیپالی جو پانی کھر کرگل میں مزدوری کررہا ہے ،کے ساتھ دو اور مزدور بھی کام کررہے تھے ۔پولیس نے ان دونوں مزدوروں میں سے ایک کو گرفتار کرکے پوچھ تاچھ شروع کردی ۔ایس ایس پی نے کہاکہ پوچھ تاچھ کے دوران گرفتار کئے گئے شخص نے بتایا کہ وہ ارجن راوت کے ساتھ مزدوری کررہے تھے اور وہ پیسے نہیں دے رہا تھا جس کے بعد اس نے اپنے ایک اور دوست کے ہمراہ اس کی بیوی کو قتل کرنے کا منصوبہ بنالیا اور7جون کو جب ارجن راوت کی بیوی بازار میں سامان خریدنے کے لئے گئی اور واپسی کے بعد انہوں نے اسے قتل کرکے ریت کے نیچے دفن کردیا ۔ایس ایس پی نے کہا کہ اس قتل میں ملوث ایک شہری فرار ہے جس کی تلاش جاری ہے۔ کرگل پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس ایف آئی آر نمبر 52/2021زیر دفعہ 302,201,IPC درج کیا تھا۔