جموں//کانگریس کے پردیش صدر غلام احمد میر نے ملک کے سیکولر اور جمہوری تانا بانا کو بچائے رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس جموں کشمیر کی یکجہتی کو بنائے رکھنے اور فرقہ پرست طاقتوں کو منہ توڑ جواب دینے کا تہیہ کئے ہوئے ہیں۔ شہر کے وارڈ نمبر 6گوجر نگر میں ایک انتخابی میٹنگ کو خطاب کرتے ہوئے میر نے کہا کہ کانگریس ریاست کے تینوں خطوں کی ہمہ گیر اور یکساں ترقی کا ایجنڈہ رکھتی ہے تا کہ جموں کشمیر اور لداخ کو ترقی، امن اور خوشحالی کی راہوں پر گامزن کیا جاسکے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ یو پی اے کے دور حکومت میں جموں کشمیر کو مرکز کی طرف سے فراخدلانہ امداد دی جاتی رہی جس سے تعمیر و ترقی کا ایک دور شروع ہوا لیکن بی جے پی کے بر سر اقتدار آتے ہی ترقیاتی سلسلہ منجمد ہو کر رہ گیا ہے ۔ بی جے پی پر سماج کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کرنے کا الزام لگاتے ہوئے میر نے کہا کہ یہ پارٹی ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے اور اپنی غلطیوں و کمیوں کو چھپانے کے لئے فرقہ وارانہ منافرت کو ہوا دے رہی ہے ۔ لوگوں کو فرقہ پرست طاقتوں سے ہوشیار رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کانگریس ریاستی صدر نے کہا کہ ان کی جماعت نے سماج کے سبھی طبقوں کو ایک نظر سے دیکھا ہے اور ملک کے تکثریتی کردار کی حفاظت کرنے کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے پارٹی کارکنان پر زور دیا کہ وہ کانگریس کو بنیادی سطح پر مضبوط بنانے کے لئے کام کریں۔ اس کے علاوہ انہوں نے پارٹی امیدواروں کو تحفظ فراہم کئے جانے کی مانگ کرتے ہوئے کہا کہ امیدواروں کو خطرات کا سامنا ہے اور یہ حکومت کا فرض بنتا ہے کہ وہ انہیں ہر ممکن سیکورٹی مہیا کروائے ۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے جمہوری حق کا استعمال کرتے ہوئے کانگریس کو کامیاب کریں تا کہ فرقہ پرست طاقتوں کو جمہوری اداروں سے دور رکھا جا سکے ۔ اس سے قبل صدر ضلع کانگرس وکرم ملہوترہ نے بی جے پی کے سب کا وکاس سب کا ساتھ دعویٰ کو کھوکھلا قرار دیتے ہوئے کہا کہ جموں کو سمارٹ سٹی بنانے کا وعدہ بھی سراب ثابت ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو مزید گمراہ نہیں کیا جا سکتا ہے اورلوگ بی جے پی کو آئینہ دکھا دیں گے۔