سکھ ناگ نالہ کا پانی بیروہ میں داخل، نالہ فیروز پورہ میں سیلابی صورتحال
سرینگر// موسلا دھار بارش نے منگل کو جموں و کشمیر کے کچھ حصوں میں سیلاب کا خطرہ پیدا کر دیا ہے۔مسلسل بارش نے وادی کشمیر اور جموں خطہ دونوں میں سیلاب کے خدشات کو بڑھا دیا ہے۔حکام نے کہا کہ وہ دریا توی کی سطح پر کڑی نگرانی کر رہے ہیں اور انہوں نے خطرے سے دوچار علاقوں کے مکینوں پر زور دیا ہے کہ وہ دریا کے کناروں سے دور رہیں، ضرورت پڑنے پر ممکنہ انخلا کے لیے تیار رہیں، اور ضلعی انتظامیہ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔
کشمیر
وسطی کشمیر میں سکھ ناگ نالہ میں 2014 کے تباہ کن سیلاب کے بعد پانی کی سطح سب سے زیادہ درج کی گئی ہے، جبکہ کٹھوعہ میں دریائے اجھ نے مسلسل بارشوں کے درمیان خطرے کی سطح کو عبور کر لیا ہے۔دریائے توی میں پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے۔بڈگام ضلع کے بیروہ قصبہ میں نالہ سکھ ناگ کے پانی میں ڈرامائی طور پر اضافہ ہوا، جس سے نشیبی علاقے ڈوب گئے اور پانی کے ریلے نے سکھ ناگ ڈائیورژن کو بہا دیا۔ اس مقام پر نئے تعمیر شدہ پل کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔ اوپری کیچمنٹ ائریا میں بادل پھٹنے سے پانی کی سطح میں اچانک اور غیر معمولی طور پر تیزی سے اضافہ ہوا اور پانی بیروہ قصبہ میں داخل ہوا۔پانی داخل ہونے کے بعد بیروہ میونسپل کمیٹی کا دو منزلہ شاپنگ کمپلیکس ڈھہ گیا جس کیی نچلی منزل میں دس دکانیں اور اوپری منزل میں بھی دس کمرے تھے۔سیلاب کے پانی کے ریلے ارواہ، وریہاما، آریپنتھن، مکھاما اور کنیہاما میں بھی داخل ہوا۔ ندی کے کنارے رہنے والے رہائشیوں کو الرٹ رہنے اور صورت حال پر گہری نظر رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔تاہم، دوپہر کے بعد کچھ راحت ملی کیونکہ ابتدائی اضافے کے بعد سکھ ناگ میں پانی کی سطح تقریبا ًتین فٹ کم ہو گئی ، جس سے فوری خطرہ کم ہو گیا ہے، حالانکہ صورتحال پر نظر رکھی جارہی ہے۔ادھرمسلسل بارشوں کے نتیجے میں نالہ فیروزپورہ ٹنگمرگ میں پانی کا بہاو بڑھ جانے سے معاون ندی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی اور پانی رہائشی کالونیوں اور کھیت کھلیانوں میں گھس گیا ۔ نالہ فیروزپورہ میں منگل کی صبح سے ہوئی متواتر بارشوں کی وجہ سے پانی کا بہائو اس قدربڑھ گیا کہ تمام معاون ندی نالوں میں پانی کناروں سے اوپر بہنے لگا۔ پانی رہائشی کالونیوں چھانہ پورہ ،ہری وٹنو، منور محلہ دیودرگر اور کھیتوں میں گھس گیا جبکہ تلہ گام کویل اور چھانہ پورہ میںپانی سرکاری سکول میں گھس گیا۔ اسی طرح بابل کنال کے اضافی پانی سے منور محلہ زیر آب آگیا۔ انتظامیہ صورت حال پر نظر رکھی ہوئی ہے۔
جموں
جموں خطہ میں، صورتحال نازک بنی ہوئی ہے کیونکہ کٹھوعہ کے پنجتیرتھی میں دریائے اجھ نے ضلع بھر میں شدید بارش کے بعدخطرے کے نشان کی سطح کو عبور کر لیا ہے۔سہ پہر 3 بجے، دریا کی سطح 24.0 فٹ پر کھڑی تھی، جو 23.5 فٹ الرٹ کی سطح سے زیادہ تھی۔ دریا کے لیے الرٹ لیول 16.5 فٹ جبکہ خطرے کی سطح 20.0 فٹ ہے۔ حکام نے بتایا کہ دریا اب بھی بڑھتے ہوئے رجحان پر ہے۔ہائیڈرولوجیکل مشاہدات سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ دریائے اجھ دوپہر 2 بجے کے قریب خطرے کے اخراج کی سطح پر پہنچ گیا تھا، اس کا اخراج 95,099 کیوسک کو چھو رہا تھا، جو خطرے کے مقررہ نشان کے برابر تھا۔ الرٹ ڈسچارج لیول 52,341 کیوسک ہے۔کٹھوعہ میں دن بھر موسلا دھار بارش ہوتی رہی، جس سے نشیبی علاقوں اور دریا کے کناروں میں ممکنہ سیلاب کے خدشات بڑھ گئے اگر بارش جاری رہی۔
بڈگام میں ایک شخص ڈوب گیا
بڈگام// بڈگام ضلع کے درنگ کھاگ علاقے میں منگل کو ایک شخص نالے میں ڈوب کرجاں بحق ہو گیا۔ نالے میں مسلسل بارش کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہوئی تھی۔متوفی کی شناخت شبیر احمد پوسوال ساکن درنگ کے بطور ہوئی ہے۔حکام نے بتایا کہ یہ واقعہ مسلسل موسلا دھار بارش کے بعد نالے میں پانی کی سطح میں تیزی سے اضافے کے بعد پیش آیا جس سے علاقے میں خطرناک حالات پیدا ہو گئے۔ واقعے کے فوری بعد ریسکیو ٹیمیں اور مقامی حکام موقع پر پہنچ گئے اور لاش کو نکالنے کی کوششیں شروع کر دیں۔ڈوبنے کا واقعہ ایسے وقت میں آیا ہے جب بڈگام ضلع میں مسلسل بارش کے بعد سیلاب کے خدشات ہیں۔ کئی دیہات زیر آب آنے اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچاہے۔