عظمیٰ نیوز سروس
ممبئی //مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی طیارہ حادثہ میں ہوئی موت نے سیاست میں ایک نئی ہلچل پیدا کر دی ہے۔ کئی سرکردہ لیڈران نے ان کی موت پر اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے واقعہ کی اعلیٰ سطحی جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔ خاص طور سے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اجیت پوار کے انتقال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کچھ ایسے خدشات ظاہر کیے ہیں جس نے ایک نیا تنازعہ پیدا کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’اجیت پوار کی موت کی ٹھیک سے جانچ ہونی چاہیے، جس کی نگرانی سپریم کورٹ کرے۔‘‘ انھوں نے اشارہ دیا کہ اجیت پوار برسراقتدار اتحاد (مہایوتی) سے دوری بنا رہے تھے۔ ممتا کا کہنا ہے کہ ’’وہ برسراقتدار پارٹی کے ساتھ تھے، لیکن پچھلے دنوں کسی کا بیان سامنے آیا تھا کہ وہ بی جے پی چھوڑ دیں گے۔ ایسے میں اچانک یہ حادثہ شبہات پیدا کرتا ہے۔‘‘جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی اجیت پوار کی موت پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔شیوسینا (یو بی ٹی) رکن پارلیمنٹ اروند ساونت نے طیارہ حادثہ پر اپنی فکر ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’جب میں نے حادثہ کی ویڈیوز دیکھیں تو اس کے بعد مجھے معاملہ بہت سنگین نظر آیا۔ میں اتنا ضرور کہوں گا کہ معاملہ کی جانچ سنجیدگی کے ساتھ کی جانی چاہیے۔‘بہار کے سابق وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی چیف لالو پرساد یادو نے بھی کہا کہ اس حادثہ کی اعلیٰ سطحی جانچ ہونی چاہیے۔‘‘ مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے بھی کچھ اسی طرح کی رائے ظاہر کی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’اس حادثہ میں نائب وزیر اعلیٰ کی موت ہوئی ہے، واقعہ کی جانچ ہونی چاہیے۔ آج میں نے اپنے بڑے بھائی سے محروم ہو گیا ہوں۔‘‘