مینڈھر//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد کو مینڈھر کے لوگوں نے خوشی سے نہیں بلکہ آنکھوں میں آنسو لئے ضلع راجوری کیلئے الوداع کیا ۔سنیچرکے روز مینڈھر میں کئی جگہوں پر الوداعی پارٹی دی گئی۔ اس دوران صبح سے ہی بڑی تعداد میں لوگ کرشنا گھاٹی کے مقام پر جمع ہو ئے اور انہیں ایک قافلے کی شکل میں بھمبر گلی تک لے جایا گیا ۔ان کے اعزاز میں منکوٹ کے مقام پر الوداعی پارٹی رکھی گئی اورپھر چھجلہ میں پیر معصوم شاہ کی زیارت پر ایک پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت ٹھیکیدار امان اللہ چوہدری کر رہے تھے ۔اس دوران بڑی تعداد میں لوگوں نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد جب وہ سخی میدان پہنچے جہاں سردار ممتاز خان کی طرف سے بھی ایک الوداعی پارٹی کا اہتمام کیا گیا ۔وہ ایک بڑے قافلے کے ہمراہ جب سیمنٹ سریا مارکیٹ مینڈھر پہنچے تو وہاں پر سابق سی ایم او محمد یونس چوہدری کی قیادت میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے ان کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے ان کو الوداع کیا ۔مینڈھر میں بھی ایک الوداعی تقریب منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے محمد اعجاز اسد نے کہا کہ ان کا مینڈھر سے خونی رشتہ ہے اوروہ اس علاقے کو بھول نہیں سکتے ۔انہوں نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ انہیں یقین نہیں آرہاکہ وہ ڈپٹی کمشنر کے طور پر پونچھ میں خدمات انجام دیں گے اور لوگوں سے انہیں اس قدر پیار ملے گا۔ان کاکہناتھاکہ ملازمت کے دوران ایک جگہ سے دوسری جگہ جانا پڑتا ہے لیکن وہ دلی طور پر اپنے ضلع کے لوگوں کے قریب ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ بالاکوٹ سے لے کر بلنوئی اور کرشنا گھاٹی سے لے کر بی جی گلی تک تمام علاقوں کے لوگوں نے جس طرح ان پر اپنی محبتیں نچھاور کیں اس کیلئے وہ شکرگزار ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ وہ ضرور ضلع میں ایک بار پھر آنے کی کوشش کریں گے ۔خطاب کے دوران اعجاز اسد کی آنکھوں سے آنسو ٹپک آئے ۔انہوں نے پونچھ کے لوگوں پر زور دیاکہ وہ اپنے دلوں میں ایک دوسرے کے تئیں محبت پید اکریں اور ضلع کی مجموعی ترقی کے بارے میں سوچیں ۔انہوںنے کہاکہ وہ یہاں کے عوامی مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ سنجیدہ رہیں گے اور پونچھ آتے رہیںگے ۔مینڈھر سے انہیں ایک بڑے جلوس کی شکل میں مین چوک مینڈھر سے الوداع کیا گیا اور بھمبر گلی تک ان کے ہمراہ قافلہ چلتارہاجہاں پہلے سے ہی استقبال کیلئے ضلع راجوری کے لوگ موجود تھے ۔ان کے ہمراہ ایس ایس پی پونچھ،ایس ڈی ایم مینڈھر،ایس ڈی پی او مینڈھر ،ایس ایچ او مینڈھر،تحصیلدار منکوٹ اور تحصیلدار مینڈھر و بڑی تعداد میں پنچایتی نمائندگان اور معززین بھی تھے ۔مقامی لوگوں نے اعجاز اسد کے تبادلے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ انہیں افسوس ہے کہ گورنر انتظامیہ نے انہیں ضلع پونچھ میں کام کرنے کیلئے وقت نہیں دیا ۔تاہم انہوں نے امید کی کہ وہ ایک بار پھر ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ بن کر ضرور واپس آئیںگے ۔ان کاکہناتھاکہ اعجاز اسد کے معمولی سے عرصہ کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا جس دوران انہوں نے ترقیاتی سطح پر نہ مٹنے والے نقوش چھوڑے ہیں۔