راجوری//ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد نے ڈاک بنگلہ کے کانفرنس ہال میں مقامی معززین اور مختلف سیاسی و غیر سیاسی جماعتوں کے ارکان کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی جس دوران عوامی مسائل پر تبادلہ خیال ہوا۔اس موقعہ پر مقررین نے ڈپٹی کمشنر کا تعیناتی پر خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں عوام کو درپیش مسائل سے روشناس کروایا۔انہوں نے کہاکہ انہیں اس بات پر خوشی ہے کہ موصوف نے آتے ہی ترقیاتی کاموں پر توجہ مرکو زکرکے کئی کام شروع کروائے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بجلی کی سپلائی میں غیر اعلانیہ کٹوتی ایک بہت بڑا مسئلہ بناہواہے جس سے نمٹنے کیلئے اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ انہوں نے پانی کی قلت کو بھی دورکرنے کی مانگ کی۔مقررین نے کہاکہ ضلع کے سرکاری دفاتر میں ورک کلچر میں بہتری لانے کی ضرورت ہے اور عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے یقین دلایاکہ وہ یہاں زیر بحث آئے معاملات اور جائز مطالبات کو حل کریں گے۔انہوں نے کہاکہ پانی کی قلت کو دیکھتیہوئے امسال پانی ذخیرہ کرنے کے بارہ سو ٹینک تعمیر کرنے کا فیصلہ لیاگیاہے۔انہوں نے سول سوسائٹی سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ معززین کے تعاون سے ضلع میں بھائی چارہ اور امن قائم رہ سکتاہے اور یہاں تعمیروترقی کے کام ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ عام عوام کیفائدے کیلئے ہوتی ہے اور ان کی پوری پوری کوشش رہے گی کہ مسائل کا فوری حل نکل سکے اور لوگوں کو بہتر سے بہتر خدمات فراہم ہوں۔میٹنگ میں ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس اور اے سی آر عبدالقیوم میر بھی موجود تھے ۔