عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما نے جمعرات کے روز قصبہ راجوری کے مختلف بازاروں کا اچانک معائنہ کیا تاکہ ضروری اشیاء سے متعلق قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے اور بے ضابطگیوں کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔معائنہ کے دوران ٹیم نے ایک گیس ایجنسی کا دورہ کیا اور اس کے کام کاج کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس کے بعد کارروائی جاری رکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر سلالی مارکیٹ میں واقع ایک پیزا شاپ سے غیر مجاز استعمال پر دو ایل پی جی سلنڈر ضبط کیے گئے۔اسی طرح منڈی چوک میں ’ویلکم ہوٹل‘ کے نام سے چلنے والے ایک ہوٹل سے تین گھریلو ایل پی جی سلنڈر برآمد کر کے ضبط کیے گئے، جبکہ راجو سویٹ شاپ سے بھی ایک سلنڈر ضبط کیا گیا۔
حکام کے مطابق یہ تمام کارروائیاں گھریلو گیس سلنڈروں کے تجارتی استعمال کے خلاف کی گئیں۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر بازاروں کا عمومی معائنہ بھی کیا، جس میں صفائی ستھرائی، قیمتوں اور دیگر ضوابط کی پاسداری کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے تمام دکانداروں اور کاروباری اداروں کو سختی سے ہدایت دی کہ وہ گھریلو ایل پی جی سلنڈروں کو تجارتی مقاصد کے لیے استعمال نہ کریں، بصورت دیگر قانون کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ادھر ضلع کے دیگر سب ڈویژنز میں بھی متعلقہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز کی نگرانی میں تحصیلداروں نے اسی طرح کی مہمات چلائیں۔ ان کارروائیوں کے دوران کوٹرنکہ میں 10، کالا کوٹ میں 3، راجوری میں 6 اور دیگر علاقوں میں 16 سلنڈر ضبط کیے گئے۔ اس طرح ضلع بھر میں ضبط شدہ سلنڈروں کی مجموعی تعداد 35 تک پہنچ گئی ہے۔ضلع انتظامیہ نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام کاروباری اداروں کو مقررہ اصولوں پر عمل کرنا ہوگا۔ اس موقع پر اے ڈی سی راجوری چندر پرکاش، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف سی ایس اینڈ سی اے روہت کمار، ایس ایچ او راجوری گورو اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔