اکھنور۔پونچھ اور دیگر سڑکوں کی تکمیل پر زوردیا
جموں//جموں وکشمیر قانون ساز کونسل کی محکمہ جاتی سٹینڈنگ کمیٹی کی میٹنگ ایم ایل سی سریندر کمار چودھری کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں آر اینڈ بی محکمہ کے کام کا ج کاجائزہ لیا گیا۔ ارکان اسمبلی شوکت احمد گنائی، چرنجیت سنگھ اور ٹھاکر بلبیر سنگھ نے میٹنگ میں شرکت کر کے محکمہ کے کاج کاج کو مزید فعال بنانے کے حوالے سے اپنی تجاویز سامنے رکھیں۔کمشنر سیکرٹری آر اینڈ بی سنجیو شرما نے کمیٹی کو محکمہ کی طرف سے ہاتھ میں لئے گئے مختلف پروجیکٹوں کی پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی۔چیئرمین نے نوشہرہ حلقہ کے پانچ پلوں کی صورتحال کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ کمیٹی نے بی آر او حکام کو ہدایت دی کہ وہ اکھنور ۔ پونچھ سڑک اور علاقے کی دیگر سڑکوں کا کام جلد از جلد مکمل کریں ۔ انہوںنے کہا کہ کاموں کو عملاتے وقت معیار کی طرف بھی توجہ دی جانی چاہئے۔بعد میں سریندر کمار چودھری نے ایک اور میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے محکمہ صحت و طبی تعلیم کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ارکان قانون سازیہ ظفر اقبال منہاس ، فردوس ٹاک اور شوکت گنائی نے میٹنگ میں شرکت کر کے طبی اداروں کو ترقی کے دینے کے معاملات کو اجاگر کیا۔ اس موقعہ پر کمیٹی نے عام لوگوں کی سہولیت کے لئے جی ایم سی میں ایک کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت دی۔کمیٹی نے ریاست کے طبی اداروں میں صفائی ستھرائی کی ایک مہم چلائی جانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم نے کمیٹی کو طبی اداروں میں بہتری لانے کے حوالے سے کئے جارہے اقدامات سے آگاہ کیا۔