درہال//ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری شاہداقبال چودھری کے ہمراہ تمام ضلع آفیسران نے درہال پہنچ کر عوام کے مطالبات سنے ۔ ڈی سی راجوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ درہال روڈ کی خستہ حالت کو دیکھ کر عوام کو درپیش مسائل کا اندازہ ہوا ہے تاہم ترجیحاتی بنیادوں پر راجوری درہال روڈ پر تارکول بچھانے کا کام شروع کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ درہال عوام کو جو بھی مشکلات اور مطالبات ہیں ان کے ازالہ کے لئے جلد ہی پبلک دربار منعقد ہونگے جن میں کام کے کام کاج کو فوری حل کرنے سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ درہال ان کا آبائی علاقہ ہے جہاں جب وہ بچپن میں آیا کرتے تھے تو سڑک اس قدر خراب نہیں ہواکرتی تھی تاہم جلد ہی سڑک کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے مکمل طور پر ٹھیک کیا جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام درہال کے مطالبات اور ضروریات ان کی ترجیحات میں شامل ہیں جنہیں اولین فرصت میں پوراکیا جائے گا ۔ مقامی لوگوں نے اس موقعہ پر موصوف کاوالہانہ استقبال کرتے ہوئے کہا کہ عوام درہال کو شاہد اقبال چودھری سے بہت زیادہ امیدیں ہیں اور یقین کامل ہے کہ وہ بطور ڈپٹی کمشنر درہال پر خصوصی توجہ دیںگے ۔ اس موقعہ پر اے سی ڈی راجوری نور عالم ، اے ڈی فوڈ جاوید احمد ، ایس ایچ اودرہال ، بی ایم او درہال اور مقامی لوگوں کی بڑی تعدادجن میںملک اقبال ، کرامت اللہ ، عبدالمجید ، نسیم احمد ملک، ابرار ملک، پرویز ملک، سجاد میر ، ہادی نوروغیرہ قابل ذکر ہیں ، بھی موجودتھے