جموں//ڈوگرہ فرنٹ اور شیو سینا کے ورکروںنے پرانے شہر جموں میں آئی جی پی بسنت رتھ کے حق میں جلوس نکالااور انہیں بھرپور اختیارات دینے کا مطالبہ کیا ۔ اہل جلوس کاکہنا تھا کہ جب سے بسنت رتھ آیا ہے ، شہر میں ٹریفک کے نظام میں بتدریج بہتری آرہی ہے اور ٹریفک نظام میں بہتری کا مطلب مسافروں اور عام لوگوں کی جانوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے اور بسنت رتھ اس مقصد کے لئے سخت محنت اور جانفشانی سے کام کررہے ہیں اور ان کے اس عوام دوست مشن کو کامیاب بنانے کے لئے ہم سب پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ انہیں بھرپور تعاون دیاجائے۔پارٹی ورکر’’بسنت رتھ آگے بڑھوہم تمہارے ساتھ ہیں ‘‘ کے فلک شگاف نعرے بلند کررہے تھے۔اس موقعہ پر پارٹی ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے اشوک گپتا نے نئے آئی جی پی بسنت رتھ سے اپیل کی وہ جموں میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کی اپنی کوششوں کو جاری رکھیں۔اشوک گپتانے رتھ کو جموں کے عوام کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ رتھ کی طرف سے ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کا مطلب روز بروز بڑھ رہے ٹریفک حادثات میں ضائع ہورہی قیمتی انسانی جانوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ بسنت رتھ کی وہی چند اشخاص مخالفت کر رہے ہیں جن کی رشوت خوری اور بدعنوانی کی دکان بند ہو گئی ہے۔اشوک گپتا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اور ڈی جی پی نے بسنت رتھ کو آئی جی ٹریفک مقررکیا ہے کیونکہ وہ بخوبی جانتے ہیں رتھ ہی اس حد سے زیادہ خستہ حال نظام کو بہتر بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے رتھ کو اس عہدے پر تعینات کرنے کو صحیح سمت میں ایک اہم فیصلہ قرار دیا اور کہا کہ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ سال ٹریفک حادثات میں 750 افراد جان بحق ہوگئے اس لئے اس نظام میں پائی جارہی خامیوں کو دور کرنا اشد ضروری ہے اور رتھ کی بطور آئی جی ٹریفک تقرری ایک دانشمندانہ اور قابل تعریف قدم ہے۔