ڈوڈہ //یوٹی کے دیگر اضلاع کی طرح ڈوڈہ ضلع میں پچھلے دو ہفتوں سے کرونا کرفیو بدستور جاری ہے جس دوران معمولات زندگی متاثر ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کوؤڈ 19 کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر نافذ کرونا کرفیو کے دوران ڈوڈہ، بھدرواہ ،ٹھاٹھری و گندوہ کے شہر و گام میں منگل کے روز بھی سخت بندشیں عائد رہیں اور نجی کاروباری ادارے بند رہے۔کرونا کرفیو پر سختی سے عمل درآمد کرنے و امن و قانون کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے سیکورٹی فورسز و پولیس کی نفری جگہ جگہ تعینات رہی اور سڑکوں پر ایمرجنسی سروسز سے جڑی گاڑیوں کو ہی چلنے کی اجازت دی گئی۔ادھر سب ڈویڑنل مجسٹریٹ ٹھاٹھری اطہر آمین زرگر نے کرونا کرفیو کی خلاف ورزی کی پاداش میں دو دوکان کو سربمہر کیا ہے۔ ایس ڈی ایم ٹھاٹھری نے اس موقع پر بولتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے جاری شیڈول کے باوجود کچھ دوکاندار خلاف ورزی کرتے ہیں۔انہوں نے لوگوں سے ایس او پیز پر عمل کرنے و دکانداروں سے شیڈول کے برخلاف دوکانیں کھولنے سے احتیاط برتنے کا مشورہ دیا۔