ڈوڈہ //ڈوڈہ کی سبھی 237 پنچائتوں میں عنقریب 5 بیڈز کی سہولیات کے ساتھ کوؤڈ کیئر مراکز قائم کئے جائیں گے۔ جس کی نگرانی پنچائتی سطح کی کمیٹی کرے گی۔ ان باتوں کا اظہار ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ وکاس شرما نے اپنے دفتر میں منعقد ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایل جی کی ہدائت پر پنچائتی سطح پر سی سی مراکز کے قیام کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ ڈی سی نے کہا کہ سرپنچ پنچ ،سیکرٹری پنچائت، آشا و آنگن واڑی ورکز پر مشتمل کمیٹی ان مراکز کی نگرانی کریں گے۔جبکہ محکمہ صحت کا ایک ملازم نوڈل آفیسر مقرر کیا جائے گا۔ ضلع میں کورونا وائرس سے پیدا صورتحال کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے ڈی سی نے کہا کہ 1063 فعال کیسوں میں سے 997 افراد کو خانہ قرنطینہ میں رکھا گیا ہے اور انہیں بیماری کی کوئی علامت موجود نہیں ہے۔آکسیجن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ضلع میں آکسیجن کی سپلائی وافر مقدار میں دستیاب ہے اور ڈاکٹر و نیم طبی عملہ دن رات کام کر رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں کوؤڈ جانچ و ویکسی نیشن عمل میں تیزی لائی گئی ہے اور 300 سے بڑھا کر روزانہ 1000 افراد کے ٹیسٹ کئے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں 11 کنٹینمنٹ زون قرار دئیے گئے ہیں اور ان علاقوں میں رہائش پذیر سو فیصد آبادی کو ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔انہوں نے سماج کے ہر طبقہ سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس کی اس مہلک وباء سے لڑنے کے لئے اپنی ذمہ داریوں کو نبھائیں اور انتظامیہ کو اپنا مکمل تعاون فراہم کریں۔