ڈوڈہ //'نشہ مکت بھارت ابھیان' کے تحت محکمہ سماجی بہبود کی جانب سے ضلع بھر میں بیداری پروگرام کا انعقاد کیا جارہا ہے جس دوران نوجوانوں کو منشیات و نشیلی ادویات کے نقصانات کے بارے میں جانکاری دی جارہی ہے۔اس سلسلہ میں جمعرات کو سب ڈویڑن ٹھاٹھری کے مختلف تعلیمی اداروں میں الگ الگ پروگرام منعقد ہوئے جس میں بھاری تعداد میں اسکولی بچوں، اساتذہ و محکمہ کے ملازمین نے شرکت کی۔گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول ٹھاٹھری ،بوائز ہائر سیکنڈری اسکول و ہائی سکول برشالہ میں منعقد تقریبات کے دوران مقررین نے منشیات کی لعنت و نئی نسل کو اس سے محفوظ بنانے سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کیا۔محکمہ کے آفیسران نے اساتذہ و بچوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اسکول میں باقاعدہ طور پر کمیٹی تشکیل دے کر منشیات کا غیر قانونی کاروبار کرنے والے عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔