ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں موسلا دھار بارش فصلوں و زرعی شعبے کو پہنچا بھاری نقصان،ندی نالوں میں طغیانی

اشتیاق ملک

ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں ایک بار پھر سے موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں فصلوں و دیگر زرعی شعبے کو بھاری نقصان پہنچا ہے اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق جمعہ کی سہ پہر کو چلی پنگل، کاہرہ ،گندوہ ،چنگا کے بالائی علاقوں میں شدید بارش ہوئی جبکہ ہفتہ کے روز صبح سے ہی موسم ابر آلود رہا اور بعد دوپہر بارش کا سلسلہ شروع ہواجو دیر شام تک جاری رہی۔ موسلا دھار بارشوں سے جہاں ندی نالوں میں طغیانی آگئی وہیں زمینداروں و کسانوں کی فصلوں و گھاس کو بھی نقصان پہنچا۔ سرپنچ پنچائت چنمپل امریکا دیوی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گھاس کٹائی کا سلسلہ شروع ہوا ہے تاہم اچانک بارشوں سے فصلوں و گھاس کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا رواں سال شروع سے ہوئی طوفانی بارشوں سے زرعی شعبہ کو بھاری نقصان پہنچا ہے اور جو فصل و گھاس بچ گیا تھا وہ حالیہ بارشوں سے تباہ ہوا۔بی ڈی سی چیئرپرسن چلی مخو بیگم نے انتظامیہ سے حکام سے کسانوں و زمینداروں کے لئے خصوصی پیکیج فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔