محمد تسکین
بانہال //ہفتے کی علی الصبح جموں۔سرینگر قومی شاہراہ پر رامسو کے گانگرو علاقے میں پیش آئے سڑک کے ایک المناک حادثے میں دو افراد ہلاک ہوئے ہیں اور شاہراہ سے نیچے کھائی میں گرے ٹرک میں لگی آگ گئی ۔پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ چونے کی بوریوں سے لدھا یہ ٹرک زیرنمبر JK16A/0693جموں سے سرینگر کی طرف آرہا تھا کہ گانگرو کے مقام پر یہ ٹرک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر نیچے گہری کھائی میں جا گرا۔ انہوں نے کہا کہ کھائی میں گرتے ہی ٹرک نے فوراً آگ پکڑلی اور ٹرک مکمل طور سے خاکستر ہوگیا ۔ انہوں نے کہا کہ نزدیکی تعمیراتی کمپنی کے سیکورٹی گارڈ کی طرف سے اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس سٹیشن رامسو کی ٹیم، ہمالین کیو آر ٹی رامسو کے رضاکار، سی آر پی ایف اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور بچاؤ کارروائیوں کو شروع کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کہ بچاؤ ٹیمیں جب موقع پر پہنچ گئیں اسوقت رک مکمل طور پر آگ کی لپیٹ میں آ چکا تھا اور بری طرح سے جلے ٹرک میں پھنسے افراد کو نکالنے کی کاروائی شروع کی گئی ۔ پولیس نے بتایا کہ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے ریسکیو آپریشن کے دوران ٹرک کے جلے ہوئے کیبن سے ڈرائیور اور کنڈیکٹر کی ادھ جلی لاشیں برآمد کی گئیں اور وہ دونوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو چکے تھے اور ان کی لاشیں جزوی طور پر جھلسی ہوئی حالت میں پائی گئیں۔پولیس نے اس حادثے میں لقمہ اجل بنے افراد کی شناخت شاکر احمد منہاس ولد لیاقت احمد منہاس ساکنہ ونتراگ گوپال پورہ اننت ناگ اور کنڈیکٹر محمد اقبال وانی ساکنہ کہری بل اننت ناگ کے طور کی۔رامسو پولیس نے ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے اور حادثے کی وجوہات کا پتہ لگایا جا رہا ھے۔ اس دوران جمعہ کی شام ضلع ادہمپور میں چنینی-پٹنی ٹاپ کی سابقہ شاہراہ پر پیش آئے سڑک کے ایک حادثے میں ایک الٹو کار میں سوار میاں بیوی اسوقت زخمی ہوگئے جب ایک بھاری بھرکم انڈین آئل ٹینکر نے اس آلٹو کار کو ٹکر مار دی۔ تصادم کے نتیجے میں ٹینکر سڑک پر الٹ گیا جس کے باعث چنینی-پٹنی ٹاپ سڑک کئی گھنٹوں تک بند ہونے کے بعد دوبارہ بحال کی گئی۔حادثے میں زخمی ہونے والے میاں بیوی کو فوری طور پر علاج کیلئے چنینی کے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے اور ان کی حالت بہتر ہے ۔