نئی دہلی//شہری ہوا بازی کی مرکزی وزارت نے ڈرون آپریشن کے حوالے سے قوانین میں نرمی کر کے اسکے لئے نئے قواعد و ضوابط مرتب کئے ہیں۔ اس کو چلانے کیلئے ضرورت فارموں کی تعداد میں کمی کرتے ہوئے25سے 5 کرنے کے علاوہ آپریٹر سے وصول کی جانے والی فیس کی اقسام کو 72 سے 4 تک پہنچایا گیا ہے۔ڈرون ضوابط2021 بدھ کو جاری کئے گئے جو بغیر پائلٹ طیارہ نظام ضوابط 2021 ،جو رواں سال 12 مارچ کو نافذ ہوئے تھے،کو کالعدم کیا گیا ہے۔ نئے قوانین کے مطابق فیس کو برائے نام سطح پر کم کر دیا گیا ہے اور ڈرون کے حجم(سائز)سے غیر منسلک کر دیا گیا ہے۔مثال کے طور پر ، ریموٹ پائلٹ لائسنس کی فیس تین ہزار روپے (بڑے ڈرون کے لیے) کم کر کے ڈرون کی تمام اقسام کے لیے 100 روپے کر دی گئی ہے اور یہ 10 سال تک درست تسلیم کئے جائینگے۔قوانین نے مختلف منظوریوں کی ضرورت کو بھی ختم کر دیا ہے ، جن میں مطابقت (کنفرمنس)سرٹیفکیٹ ، دیکھ بھال کی سرٹیفکیٹ ، امپورٹ کلیئرنس ، موجودہ ڈرون کی تسلمیت ، آپریٹر پرمٹ ، آر اینڈ ڈی آرگنائزیشن کی اجازت اور سٹوڈنٹس ریموٹ پائلٹ لائسنس شامل ہیں۔ڈرون رولز 2021 کے مطابق دیگر منظوریوں مثلاً منفرد اجازت نمبر ، منفرد پروٹوٹائپ شناختی نمبر ، مینوفیکچرنگ اور ایئر وورتھنس سرٹیفکیٹ شق بھی ختم کر دی گئی ہے۔نئے قوانین میں کہا گیا ہے کہ’’گرین زونز میں 400 فٹ اور ایئرپورٹ کے دائرے میں 8 سے 12 کلومیٹر کے فاصلے پر 200 فٹ تک پرواز کیلئے اجازت کی ضرورت نہیں ہوگی۔’’گرین زون‘‘کا مطلب ہے کہ فضائی حدود 400 فٹ کے عمودی فاصلے تک ہے جسے ایئر اسپیس کے نقشے میں ریڈ زون یا بلیو زون کے طور پر نامزد نہیں کیا گیا ہے۔ان نئے قواعد کی تشہیرکے 30 دنوں کے اندر ڈیجیٹل اسکائی پلیٹ فارم پر سبز ، زرد اور سرخ زونوں کے ساتھ ایک انٹرایکٹو ایئر اسپیس کا نقشہ دکھایا جائے گا۔ڈرون رولز ، 2021 نے ڈرون کی منتقلی اور ڈی رجسٹریشن کے لیے آسان عمل بھی تجویز کیا ہے۔مائیکرو ڈرون (غیر تجارتی استعمال کے لیے) اور نینو ڈرون کے لیے کسی پائلٹ لائسنس کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ضوابط کے مطابق کسی بھی خلاف ورزی کے جرمانہ کو کم کرکے ایک لاکھ کردیا گیا ہے۔نئے قواعد کے مطابق ، ٹائپ سرٹیفکیٹ اور منفرد شناختی نمبر صرف اس وقت درکار ہوگا جب بھارت میں ڈرون چلایا جائے۔اگر کوئی ڈرون صرف برآمدی مقاصد کے لیے درآمد یا تیار کیا جا رہا ہے تو اسے ٹائپ سرٹیفیکیشن اور منفرد شناختی نمبر کی ضرورت سے مستثنیٰ قرار دیا جائے گا۔ڈرون راہداری کارگو کی ترسیل کے لیے تیار کیے جائیں گے اور ڈرون پروموشن کونسل قائم کی جائے گی تاکہ ملک میں ڈرون دوستانہ انضباط حکومت کو سہولت فراہم کی جا سکے۔قواعد میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بھارت میں رجسٹرڈ غیر ملکی کمپنیوں کے ڈرون آپریشن پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ڈیجیٹل اسکائی پلیٹ فارم کو تجارت دوست سنگل ونڈو آن لائن نظام کے طور پر تیار کیا جائے گا۔