اعجاز میر
سرینگر //شوپیان کا علاقہ دبجن، پیر کی گلی، اہربل یا کنگہ وٹن کوثر ناگ جیسی خوبصورت جگہوں سے ہی مشہور نہیں ہے بلکہ اس علاقے میں وادی کا دوسرا سب سے بڑا گھاس کا میدان ہے جسے ’رائے نیور ‘کہا جاتا ہے۔جووادی کشمیر کے خوبصورت اور وسیع ترین سب پہاڑی میدانوں میں شمار ہوتا ہے اور جو سطح سمندر سے تقریبا ً3100 میٹر(تقریباً 10,000 فٹ)کی بلندی پر واقع ہے۔ یہ میدان اپنے قدرتی حسن اور پیر پنچال رینج کے دلفریب نظاروں کے لئے جانا جاتا ہے ۔ یہ خوبصورت میدان ضلع شوپیان کے جنگلات اور پہاڑی سلسلوں میں واقع ہے اور وائلڈ لائف محکمے کے دائرے میں آتا ہے۔ ’رائے نیور‘ تک پہنچنے کے لیے گورووٹن-آہربل، سیدھو-سہکوٹ اور ڈبجن کے راستوں کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔شوپیان سے اس مقام تک کا سفر تقریباً 10 سے 12 کلومیٹر کے پیدل ٹریک پر مشتمل ہے، جسے مکمل کرنے میں تقریباً3 سے 4 گھنٹے لگتے ہیں۔ اس ٹریک کے دوران گھنے جنگلات، ندی نالے، اور خوبصورت وادیاں راستے کو انتہائی پرکشش بناتی ہیں۔ یہ ایک قدرتی پہاڑی علاقہ ہے، اس لئے ٹریکنگ کے لیے موزوں ہے۔ وادی کے دوسرے سب سے بڑے گھاس کے میدان تک پہنچنے کے آسان راستے سیدھو شوپیان سے جاتے ہیں۔ پہلا راستہ سیدھو کے دائیں جانب تارج ڈارن سے شروع ہوتا ہے۔فاریسٹ کمپارٹمنٹ 5میں واقع اس راستے سے تقریباً3کلو میٹر کے فاصلے پرلشکن پتھری کی جگہ آتی ہے۔اسکے بائیں جانب بڈ پتھری کی جگہ ہے۔یہاں سے لادی گاسن کی خوبصورت چھوٹی وادی تک ساتھ ساتھ پانی کی ندی بہتی ہے اور قریب 2کلو میٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد فاریسٹ کمپارٹمنٹ نمبر 6میں واقع لادی گاسن کا وسیع العریض میدان آتا ہے۔
لاسی گاسن اس ٹریک کا اہم پڑائو ہے جہاں رات بھر کیمپنگ بھی کی جاسکتی ہے اور یہاں فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کی ایک ہٹ بھی ہے۔اسکے تھوڑا سا اوپر دریہ نار کا علاقہ آتا ہے۔لادی گاسن سے3کلو میٹر کے فاصلے پرشاہکوٹ کا میدان ہے اور شاہ کوٹ سے بائیں جانب کین وانن، جو کمپارٹمنٹ نمبر 7 میں آتا ہے،سے آدھ گھنٹہ کی دوری پر رائے نیور کامیدان ہے، جو حد نگاہ سے بھی زیادہ ہے۔رائے نیور کا میدان وادی میں گلمرگ کے میدان کے بعد سب سے بڑا تصور کیا جاتا ہے ۔ حالانکہ برگاہ یوسمرگ بھی اسی نوعیت کا ہے جس کی کوئی حد نہیں ہے۔رائے نیور کی ایک اور خوبی یہ ہے کہ یہ وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کے دائرہ میں آتا ہے۔یہاں پہنچنے کیلئے دوسرا راستہ سیدھو برج سے بوڈ نار اسکے بعدشاہ کوٹ اور پھر رائے نیورآتا ہے۔یہ محض6کلو میٹر کا سب سے آسان راستہ ہے جسے4گھنٹے میں طے کیا جاسکتا ہے۔پہلے راستے سے رائے نیور تک مجموعی مسافت 7کلو میٹر سے کچھ زیادہ ہے اور پہاڑی راستہ ہونے کی وجہ سے اس میں 5گھنٹے لگتے ہیں لیکن دوسرا راستہ قدرے آسان ہے او ر اس میں کم وقت لگتا ہے۔رائے نیور تک جانے کیلئے سیدھو میں قائم سیکورٹی فورسز کیمپ کی اجازت لینا لازمی ہے جو ہر کسی کو دی جاتی ہے۔وادی کشمیر کا چھپا یہ گمنام علاقہ وادی کا دوسرا سب سے بڑا میدان ہے جسے دیکھنے کیلئے ایک دن کا وقت لگتا ہے۔