بروقت تکمیل، معیار اورتال میل پر زور،سیاحت اور مقامی پیداوار کے فروغ کی ہدایات
عظمیٰ نیوزسروس
جموں// ضلع کشتواڑ کی ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کارڈی نیشن اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس آج ڈاکٹر جتیندر سنگھ کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی اسکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مختلف محکموں کی کارکردگی، جاری منصوبوں کی پیش رفت اور زمینی سطح پر عمل درآمد کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اس موقع پر بین المحکمہ جاتی تال میل کو بہتر بنانے، سخت نگرانی اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے پر زور دیا۔مرکزی وزیر نے اجلاس کے دوران علاقائی رابطہ کاری اور سیاحت کے فروغ کے لیے ایئر اسٹرپ سہولیات کی ترقی، سڑکوں کی تعمیر اور دیگر بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے خاص طور پر پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تحت جاری کاموں میں معیار اور مقررہ وقت کی پابندی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔اجلاس میں مقامی پیداوار جیسے کالا زیرہ اور زعفران کی مارکیٹنگ اور برانڈنگ کو فروغ دینے پر بھی زور دیا گیا، تاکہ کسانوں کو بہتر قیمت مل سکے اور مقامی معیشت کو تقویت حاصل ہو۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے پاور پروجیکٹس سے متاثرہ کندانی کے رہائشیوں کی باز آبادکاری، شمشان گھاٹ شیڈز کی تعمیر اور دیگر عوامی سہولیات کی فراہمی پر بھی تفصیلی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے سنشد کھیل پہل کے تحت کھیلوں کے فروغ پر زور دیا، تاکہ ان کی توانائی کو تعمیری کاموں میں استعمال کیا جا سکے۔اجلاس میں پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو شفاف اور صارف دوست اسمارٹ میٹرنگ کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی، جبکہ سرکاری اسکیموں سے متعلق عوامی بیداری بڑھانے اور شکایات کے فوری ازالے پر بھی زور دیا گیا۔اجلاس میں سجاد احمد کچلو، ایم ایل اے کشتواڑ شگن پریہار، ڈِشا کمیٹی کے نامزد اراکین اور دیگر ضلعی افسران نے شرکت کی اور مختلف ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا۔اس سے قبل ڈپٹی کمشنر کشتواڑ پنکج کمار شرما نے ضلع کی ترقیاتی صورتحال، جاری منصوبوں اور مختلف شعبوں جیسے صحت، تعلیم، زراعت اور دیہی ترقی میں پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس کے اختتام پر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ اجلاس میں اٹھائے گئے تمام معاملات کو مقررہ وقت میں حل کیا جائے تاکہ عوام تک ترقی کے ثمرات مؤثر انداز میں پہنچ سکیں۔