چین سعودی کھجوروں کا سب سے بڑا خریدار

یو این آئی

ریاض// سعودی عرب کی کھجوروں کی برآمد میں اضافہ ہورہا ہے ، سعودی عرب کی سب سے زیادہ کھجوریں خریدنے والا ملک چین ہے ۔اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب نے سال رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران 566 ملین ریال سے زیادہ مالیت کی کھجوریں برآمد کی ہیں، یہ برآمدات 2022 کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں 2.5 فیصد زیادہ ہیں۔قومی مرکز برائے کھجور کا کہنا ہے کہ سعودی عرب 111 ملکوں کو کھجوریں برآمد کر رہا ہے ، ان میں 6 ممالک سرفہرست ہیں۔سب سے زیادہ کھجوریں چین کو برآمد کی گئی ہیں، آسٹریا دوسرے ، بیلجیئم تیسرے ، ترکیہ چوتھے ، روس پانچویں اور کینیڈا چھٹے نمبر پر ہے ۔

اس سے قبل قومی مرکز برائے کھجور نے بتایا تھا کہ سنہ 2016 سے 2022 تک کھجوروں کی برآمدات میں 121 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔مرکز کے مطابق سعودی عرب کی کھجوریں دنیا بھر میں پسند کی جاتی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ برآمدت میں اضافہ ہو رہا ہے ۔یاد رہے کہ سعودی عرب دنیا بھر میں کھجوروں کا دیس مانا جاتا ہے ، انواع و اقسام کی سعودی کھجوریں پوری دنیا میں پسند کی جاتی ہیں۔

سعودی عرب تیل کے علاوہ دیگر اشیا برآمد کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے ۔