جموں//چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے جموں میں کئی ترقیاتی اقدامات کا سنگ بنیاد رکھا ۔ اِن میں ملٹی پرپز سپورٹس کمپلیکس ، بھگوتی نگر میں گرین ایوینو کی تعمیر ،نئے ڈی سی آفس کمپلیکس کی سنگ بنیاد ، بھگوتی نگر کے چوتھے پل سے نئے سپورٹس کمپلیکس تک 2.5کلومیٹر سڑک کی تعمیر شامل ہے۔اس موقعہ پر فائنانشل کمشنر ڈاکٹر پون کوتوال ، صنعت و حرفت کے پرنسپل سیکرٹری نوین کمار چودھری ، صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما ،ڈپٹی کمشنر جموں رومیش کمار ، تعمیرات عامہ کے ایس ای این ڈی خواجہ اور مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔بھگوتی نگر جموںمیں ملٹی پرپز سپورٹس کمپلیکس تعمیر کرنے کے لئے 107 کروڑ روپے خرچ کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔اس کمپلیکس میں ہینڈ بال ،والی بال ، لانگ ٹینس اور بیڈ منٹن کے 12کورٹ موجود ہوں گے ۔ اس کے علاوہ سٹیڈیم کے ارد گرد ایک جابنگ ٹریک بھی ہوگا۔ اس کمپلیکس کے پاس کرکٹ میدان ، سکاٹنگ رِنک ، سائیکلنگ ٹریک ، باسکٹ بال کورٹ اور ایتھلیکٹس ٹریک بھی تعمیر کیا جائے گا جس میں 70,000لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔یہ تعمیراتی کام جموں اینڈ کشمیر سپورٹس کونسل انجام دے گا۔اسی طرح ہوٹل ایشیاء کے عقب میں 20کروڑ روپے کی لاگت سے ڈی سی آفس کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا۔مڈھ اور نگروٹہ میں تعمیر کئے جارہے نئے ڈگری کالج جموں صوبہ کے طلباء کے لئے معیاری اعلیٰ تعلیم کی سہولیات فراہم کریں گے۔بھگوتی نگر پل سے نئے سپورٹس کمپلیکس تک 2.5کلومیٹر سڑک پانچ کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی جائے گی۔