جموں //پردیش کا نگریس کمیٹی نے ریاستی گورنر انتظامیہ پرمبینہ طور پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اس دور میں بھاجپا کی حمایت یافتہ سیاسی شخصیات کو چور دروازوں سے بھرتی کیا جارہا ہے ۔جموں میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر رمن بھلہ نے کہاکہ بھاجپا کی سابقہ ریاستی حکومت میں ہوئی ہار کے بعد مرکزی ہائی کمان کی مدد سے ریاست میں پارٹی لیڈران چور دروازوں سے انتظامیہ میں داخل ہو رہے ہیں ۔کانگریس لیڈر نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ KVIBکی حالیہ وائس چیئر مین کی تعیناتی سے صاف ظاہر ہو تا ہے کہ بھاجپا اپنے لیڈران کو کئی عہدوں پر فائز کروانا چاہتی ہے جبکہ اس سے قبل بھی پارٹی پر جموں وکشمیر بینک میں تعیناتیوں کے دوران اپنے اثر رسوخ استعمال کرنے کا الزام لگا یا گیا ہے ۔رمن بھلہ نے ریاستی گورنر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے حکم نامے کو واپس لیں اور سیاسی اثر رسوخ والے افراد کو ایسے عہدوں پر تعینات نہ کیا جائے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ پی ڈی پی اور بھاجپا کی سابقہ حکومت کے دور میں مختلف محکموں میں ہوئی تعیناتیوں کی جانچ کروائی جائے ۔