پونچھ//قدرتی آبی ذخائر سے مالا مال ہونے کے باوجود سرحدی ضلع پونچھ کے مختلف علاقوں میں آئے روز پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کے خلاف لوگ احتجاج کرتے رہتے ہیں۔گرمی بڑھنے کے ساتھ ہی ضلع پونچھ کے چنڈک علاقے میں پینے کے پانی کی قلت پیدا ہو گئی ہے، یہاںکی آبادی نے پینے کے پانی کی قلت کے حوالے سے محکمہ جل شکتی کے خلاف چنڈک چوک میں زبردست احتجاج کیا۔احتجاج کے دوران مظاہرین نے سڑک پر گاڑیوں کی آمدورفت بند کر کے اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا۔احتجاج کر رہے مرد و زن نے بتایا کہ چنڈک میں گزشتہ تین ماہ سے پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔پانی کی قلت پر احتجاج کر رہے مظاہرین نے بتایا کہ شدید گرمی اور وبائی صورتحال میں بھی انہیں پینے کا پانی حاصل کرنے کیلئے میلوں کا سفر طے کرنا پڑ رہا ہے۔ذرائع ابلاغ کے نمائندں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وبائی صورتحال میں گھروں سے باہر نکلنے کی ممانعت کے باوجود انہیں پینے کا پانی حاصل کرنے کے لیے دور دراز علاقوں میں جاکر چشموں اور نالوں سے پانی حاصل کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں متعلقہ محکمہ سے بار بار رجوع کئے جانے کے باوجود انہیں پانی کی سپلائی سے محروم رکھا جا رہا ہے۔احتجاجی مظاہرہ کافی دیر تک جاری رہا جس کے بعدمتعلقہ محکمہ اور پولیس افسران وہاں پہنچے جن کی یقین دہانی پر مظاہرین نے اپنا احتجاج اس شرط پر ملتوی کیا کہ اگر ان کو فوری پانی فراہم نہ کیا گیا تو وہ مزید احتجاج کریں گے جس کی زمہ داری محکمہ کے افسران پر عائد ہوگی ۔