رام بن+کشتواڑ//مہا شیوراتری تہوارپورے چناب خطہ میںعقیدت اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔عقیدت مندوں کی اکثریت نے اس دن کو روزہ رکھنے کے ساتھ تہوار منایا اور مندروں میں شیولنگوں کے رسمی غسل کے ساتھ بھگوان شیو کی پوجا کی۔ضلع رام بن میں مختلف قصبوں اور آس پاس کے علاقوں میں مندروں نے ضلع بھر میں شیو راتری پر سیکڑوں عقیدت مندوں کا استقبال کیا۔شیوراتری منانے کے لئے جوش و خروش کے ساتھ مندروں کو سجایا گیاتھا۔اس موقع پر شیو مندرمیترا سے قصبے میں رگوناتھ مندر رام بن کے فعال تعاون سے ایک متاثر کن شوبھایاترا نکالی گئی۔ شوبھا یاترا گووند پور میترا ، بولی بازار ، مین بازار رام بن سمیت ان علاقوں سے گزری اور آخر کار رگوناتھ مندر رام بن پر اختتام پزیر ہوئی۔ رام بن شہر کی تجارتی تنظیموں نے یاترا میں آنے کے لئے کچھ جگہوں پر بازاروں کو گیٹ اور بنٹنگ سے سجایا تھا۔میترا میں سناتن دھرم سبھا اور رمبان میں مقامی لوگوں کے ذریعہ ا یک لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ کشتواڑ اورڈوڈہ میں شیوراتری کا تہوار بھی نہایت عقیدت کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقعہ پر مندروں میں دن بھر رونق رہی ۔قصبہ کے مندروں میں عقیدتمندوں کی بڑی تعداد نے پوجا میں حصہ لیا جبکہ متعدد مقامات پر بھنڈاروں کا بھی اہتمام کیا گیاتھا۔ڈوڈہ اور ریاسی اضلاع سے بھی شیو راتری منانے کی اطلاعات ہیں جبکہ میدانی جموں میں بھی اس سلسلے میں تقاریب کا اہتمام ہوا اور شوبھا یاترائیں نکالی گئیں۔
حسین محتشم
پونچھ //پورے ملک کی طرح خطہ پیر پنچا ل کے دونوں اضلاع میں مہا شیوراتری کا تہوار مذہبی جوش و خروش اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ بچوں اور بزرگوں کے علاوہ خواتین میں اس تہوار کو لے کر خاصہ جوش و خروش دیکھاگیا۔ ضلع پونچھ کے صدر مقام پر تاریخی مندر شیو کھوڑی میں اوردیگر مندروں میں عقیدتمندوں کی بھیڑ تھی، انہوں نے شیو لنگ پر دودھ اور پانی چڑھایا اوراوم نمو شوائے کے نعروں کے بیچ بیل اور بیل پتری چڑھائے گئے۔ شیو کھوڑی مندر پونچھ میں سب سے بڑی تقریب منعقد ہوئی یہاں سب سے زیادہ رونق دیکھنے کو ملی جہاں شردھالوئوں کا رش رہا۔یہاں خصوصی پوجا ارچنااور بھجن کیرتن کئے گئے اور لوگوں میں پرساد تقسیم کیا گیا۔ یہاں ہونے والے خصوصی ہون میں ضلع ترقیاتی کمیشنر پونچھ راہول یادو، ایس ایس پی پونچھ رمیش انگرال اور دیگر افسران نے شمولیت کی۔ شیو کھوڑی میں علی الصبح سے ہی عقیدتمندوں کا تانتا بندھا رہا۔ تحصیل منڈی میں قائم تاریخی بڈھا امرناتھ میں بھی شیو راتری کا تہوار نہایت نمود نمائش کے ساتھ منایا گیا اور شیو مندر کو سجایا گیا اور روشن کیا گیا۔صبح سے ہی شردھالوئوںنے مندرمیں پہنچنا شروع کر دیا۔ مینڈھر اور سرنکوٹ کے ملحقہ علاقوں میں مذہبی جوش و خروش کے ساتھ شیو راتری کا تہوار منایا گیا۔ضلع راجوری کے درہال، تھنہ منڈی، کالاکوٹ، سندر بنی، نوشہرہ اور ان کے ملحقہ علاقوں میں مندروں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا۔ اس دورا ضلع کے صدر مقام اور تمام مندروں میں شردھالوئوں کی اچھی خاصی بھیڑ کی اطلاع ہے۔اس دوران سکیورٹی فورسز نے بھی مہا شیو یاتری کا تہوار ان کے کیمپوں میں قائم مندروں میں منائی۔