عظمیٰ نیوزسروس
جموں//شمالی ریلوے کے جموں ڈویژن کی جانب سے شری ماتا ویشنو دیوی کٹرہ نئی دہلی کے درمیان چلائی گئی دو مخصوص (ریزروڈ) ٹرینوں کے ذریعے گزشتہ دو دنوں میں 1,600سے زائد مسافروں نے سفر کیا۔حکام کے مطابق خصوصی ٹرین نمبر04082/04081 مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے متعارف کرائی گئی تھی۔ ہفتہ کو آپریشن کے پہلے دن اس ٹرین میں 700سے زائد مسافروں نے سفر کیا، جبکہ اتوار کے روز 900سے زیادہ مسافروں نے اس سہولت سے فائدہ اٹھایا۔انہوں نے کہا کہ اس ریزروڈ خصوصی ٹرین کی کامیاب شروعات سے شری ماتا ویشنو دیوی کٹرہ آنے والے یاتریوں اور دیگر مسافروں کو کم سفری وقت کے ساتھ ایک قابلِ اعتماد سفری سہولت میسر آئی ہے۔سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر جموں، اچت سنگھل نے کہا کہ مسافروں کی جانب سے زبردست ردِعمل اور کسی بڑی دقت کے بغیر خصوصی ٹرین کا کامیاب آپریشن ریلوے انتظامیہ کی موثر منصوبہ بندی اور عملے کی وابستگی کا مظہر ہے۔دریں اثنا، انہوں نے بتایا کہ ہفتہ کے روز جموں ریلوے اسٹیشن پر ایک مجسٹریٹ کی نگرانی میں ٹکٹ چیکنگ عملے کے ساتھ خصوصی چیکنگ مہم چلائی گئی تاکہ مسافروں کی سہولت اور ریلوے قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔اس مہم کے دوران اپ اور ڈاون دونوں لائنوں کی ٹرینوں کی جانچ کی گئی، جس میں بغیر ٹکٹ سفر، غیر قانونی وینڈرز اور گندگی پھیلانے سے متعلق مجموعی طور پر 50 مقدمات درج کیے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجسٹریٹ کی جانب سے 25,000 روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔