کوٹرنکہ //پردیش کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر محمد اقبال ملک نے پی ڈ ی پی ۔بی جے پی کے اتحاد کو ریاست کی تاریخ کی سب سے بڑی غلطی قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیاہے کہ درہال بدھل حلقہ کے ممبراسمبلی و سابق وزیر نے اپنے آبائی گائوں میں محکمہ خوراک ، شہری رسدات اور امور صارفین کے تحت لائسنس اس طرح منظور نظرافراد میں تقسیم کئے جیسے کسی لنگر کا تبرک تقسیم کیاجاتاہے ۔ کوٹرنکہ میں کانگریس کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقبال ملک نے کہاکہ پی ڈی پی ۔بی جے پی حکومت پہلے سے ہی گری ہوئی تھی اور آکسیجن کے سہارے چل رہی تھی ۔انہوں نے کہاکہ غریب عوام کو اس ظالم اور رشوت خور اور بدامنی پھیلانے والی حکومت سے چھٹکارا ملا اور وہ گورنر راج کو ریاست کیلئے خوش آئند سمجھتے ہیں جو فرقہ پرست اور کنبہ پروری والے اتحاد سے ہزار گنا بہتر ہے ۔ان کاکہناتھاکہ سابق حکومت کے دور ان من مانی اور لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم کیاگیا اور عام آدمی کو دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور کیاگیا۔انہوں نے مقامی ممبراسمبلی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ان پر گوجر بکروال مشاورتی بورڈ کے سابق وائس چیئرمین نے سنگین الزامات عائد کئے تاہم حیران کن طور پرپی ڈی پی صدر جو اس وقت وزیر اعلیٰ تھیں ، نے اس کا کوئی نوٹس نہیں لیا ۔اقبال ملک نے الزام عائد کیاکہ موصوف نے اپنے آبائی گائوں میں امور صارفین محکمہ کے تحت لائسنس منظور نظرافراد میں ایسے تقسیم کئے جیسے لنگر تقسیم کیاجارہاہو اور اس عمل میں ضوابط و قوانین کاقتل کیاگیا۔انہوں نے گورنرسے اپیل کی کہ اس حوالے سے ایک کمیشن بٹھاکر تحقیقات کروائی جائے ۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی ۔بی جے پی کا غیر فطری اتحاد 1947سے اب تک ریاست میں سب سے بڑی غلطی تھی جس سے پی ڈی پی کا وجود تو مٹ ہی گیا لیکن ریاست کی تعمیروترقی بھی بری طر ح سے متاثر ہوئی ۔اس موقعہ پر بلاک صدر راج محمد راتھر و بلاک صدر بدھل محمد بشیر چستی ،سابق سرپنچ نظیر حسین ،بدر دین ملک ،ماسٹر نظیر حسین ،لیاقت علی، محمد منیر ، شیر محمد ،خورشید عالم ،محمد تاج ٹھاکر،محمد عالم ،اقبال ڈار، محمد شفیق راز،فاروق ڈار، شجاعت راتھر، محمد اعظم راتھر،رشید راتھر، شبیر ڈار، عالم دین وغیرہ بھی موجود تھے ۔