جموں//نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر دویندرسنگھ رانانے کہاہے کہ پی ڈی پی ۔بی جے پی اتحادنے رائے دہندگان کے اعتمادکوبُری طرح جھنجھوڑکررکھ دیاہے۔انہوں نے کہاکہ رائے دہندگان کے ذہنوں میں گذشتہ انتخابات میں چنے ہوئے نمائندوں کی تین سالہ حکومت میںہوئی بدحکمرانی نے گہری چھاپ چھوڑی ہے اوران کے اعتمادکوزبردست ٹھیس پہنچی ہے۔انہوں نے کہاکہ سابقہ پی ڈی پی ۔بی جے پی حکومت کے دوران بدانتظامی سے عوام کے کام نہیں ہوئے۔انہوں نے کہاکہ گورنرراج کے نافذہونے سے انتظامیہ اورعوام کے دوران دوری پیداہوگئی ہے۔دویندرسنگھ رانانے کہاکہ پی ڈی پی۔بی جے پی حکومت نے عوام کے مسائل کوکبھی سنجیدگی سے نہیں لیاجس کی وجہ سے عوام کابھروسہ ان سے اٹھ چکاہے۔انہوں نے کہاکہ سابقہ حکومت میں خدمات کی فراہمی کاکوئی نظام نہیں تھا۔ان خیالات کااظہاردویندرسنگھ رانانے اسمبلی حلقہ نگروٹہ کے تفصیلی دورہ کے دوران پارٹی ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے جموں خطے کی مشکلات کاحوالہ دیا۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی کی سیلف سنٹرک اپروچ نے جموں کی عوام کواضطرابی کیفیت میں مبتلاکیا ۔انہوں نے امیدکی کہ گورنرانتظامیہ تعمیروترقی کے لئے اقدامات اٹھاکرعوام کی مایوسی دورکرنے کیلئے اقدامات اٹھائے گی۔انہوں نے کہاکہ سابقہ حکومت نے انتظامیہ میں ہیراپھیری کرکے لوگوں کے بھروسے کوتوڑااوریہاں تک انہیں بجلی،پانی سپلائی کیلئے بھی مشکلات جھیلناپڑیں۔انہوں نے کہاکہ سابقہ حکومت کے دوران مختلف سکیموں ورکروں کی تنخواہیں وقت پرنہیں دی گئیں، آنگن واڑی ورکراورایس ایس اے ٹیچر احتجاج پررہے جوکہ افسوس کی بات ہے۔ قبل ازیں ایم ایل اے نگروٹہ نے دونوجوانوں کشورکماراورسبھاش چندرساکن چرتاکی بہادری کیلئے عزت افزائی کی۔انہوں نے دونوں نوجوانوں کیلئے پچیس پچیس ہزارروپے کے ایوارڈکااعلان کیاجوانہیں رانااپنی تنخواہ سے دیں گے۔قابل ذکرہے کہ ان دونوجوانوں نے تین بچیوں کوغرقاب ہونے سے بچایاتھا،اوراس کے علاوہ تین بچیاں ڈوب بھی گئی تھیں۔اس دوران لوگوں کی طرف سے اُٹھائے گئے مسائل حل کرنے کی بھی رانانے یقین دہانی کرائی۔اس موقعہ پرسابق سرپنچ انگریزسنگھ ،عبدالغنی تیلی ،راجندرکمارپتھی، ڈاکٹرسبھاش ،نانک چند، اشوک کمار، بشن داس، درگاداس تھاپا، سریش کمار،رگھوبیرسنگھ، مہاویرپوری ،دیپو،پنکج سنگھ ودیگران بھی موجودتھے۔