عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اپنی پارٹی نے پی ڈی پی کو شدید الفاظ میں ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے 2025 کے راجیہ سبھا انتخابات میںیہ جانچنے کے لیے کوئی مجاز ایجنٹ مقرر نہیں کیا کہ اس کے ایم ایل ایز نے کس کو ووٹ دیا۔ اس سے سوالات اٹھے ہیں، اور اپنی پارٹی کا الزام ہے کہ مجاز ایجنٹوں کی عدم موجودگی ممکنہ طور پر بی جے پی کی بالواسطہ حمایت کے لیے تھی۔ ایک بیان میں ترجمان اعلیٰ منتظر محی الدین نے کہا کہ آر ٹی آئی کے جواب سے حقیقت سامنے آ چکی ہے تو پی ڈی پی یہ کہہ کر عوام کو گمراہ کر رہی ہے کہ قانون کے تحت اسے مجاز ایجنٹ مقرر کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔ حقیقت یہ ہے کہ الیکشن قواعد (ترمیمی) 1961 کے رول 39 اے اے کے مطابق، الیکشن کمیشن آف انڈیا نے سیاسی جماعتوں کو یہ اختیار دیا ہے کہ وہ اپنے ایم ایل ایز کے ووٹوں کی تصدیق کے لیے مجاز ایجنٹ مقرر کریں، چاہے انہوں نے انتخاب میں اپنے امیدوار کھڑے کیے ہوں یا نہیں۔ مجاز ایجنٹ مقرر کرنے کی ذمہ داری پارٹی کے صدر اور جنرل سیکریٹری پر ہوتی ہے، نہ کہ امیدواروں پر۔انہوںنے کہا، ہمیں پی ڈی پی کی دھوکہ دہی پر کوئی حیرت نہیں ہے۔ یہ جماعت ہمیشہ اپنے دوہرے چہرے سے عوام کو گمراہ کرتی رہی ہے۔ این سی بھی دہائیوں سے جاری اس فریب دہ سیاست کی ذمہ داری سے بری الذمہ نہیں ہو سکتی۔منتظر محی الدین نے مزید کہا، عوام کو سمجھنا چاہیے کہ یہ روایتی جماعتیں انہیں جھوٹے وعدوں کے ذریعے گمراہ کر رہی ہیں، جیسے کہ آرٹیکل 370 اور 35 اے کی بحالی یا مکمل ریاستی درجہ کی واپسی۔ ان کا اصل مقصد اقتدار حاصل کرنا اور اسے برقرار رکھنا ہے، نہ کہ واقعی جموں و کشمیر کے عوام کی خدمت کرنا۔ ہمیں اس دھوکے کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا اور یہ یقینی بنانا ہوگا کہ آئندہ ایسی جماعتیں اقتدار سے دور رہیں تاکہ وہ مزید عوام کا استحصال نہ کر سکیں۔