بھدرواہ //پی ڈی پی کے ضلع ڈوڈہ کے یوتھ صدر دجاد میر کی موجودگی میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ممبران نے بھدرواہ کے مقامی بی جے پی ایم ا یل اے کے خلاف مقامی لوگوں کی مدد سے ایک مظاہرہ منعقد کیا۔ مظاہرین کا ممبر اسمبلی پر مبینہ الزام ہے کہ وہ ترقیاتی کاموں کو فرقہ وارانہ لائنوںپر الاٹ کر رہے ہیں۔ان کا یہ بھی الزام ہے کہ وہ بھدرواہ میونسپل کمیٹی کے کام میں بے جا مداخلت کرتے ہیں۔احتجاجی ریلی سجاد میر کی قیادت میں پاسری بس اسٹینڈسے شروع ہوئی اور مقامی ایم ایل اے دلیپ سنگھ پریہار کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے ریلی مسجد محلہ ،صدر بازار، تکیہ چوک اور سیری بازار سے ہوتے ہوئے میونسپل کمیٹی کے دفتر کا گھیرائو کرکے اختتام پذیر ہوئی۔جہاں پر پی ڈی پی ورکروں نے ایگزیکٹو افسر سے مسلمان اکثریتی علاقہ میں کوئی کام نہ کرنے کی وجہ بتانے کو کہا۔ضلع یوتھ پریذیڈنٹ ڈوڈہ سجاد میر نے اس موقعہ پر بتایا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ ہم اپنی ہی مخلوط پارٹنرکے خلاف سڑکوں پر آنے کو مجبور ہو گئے ہیں کیونکہ وہ فرقہ وارانہ ایجنڈا چلا کر ایک مخصوص طبقہ کو ترجیح دے رہے ہیں۔انہوںنے مزید کہا کہ ایم ایل اے نے میونسپل کمیٹی بھدرواہ کو بالائے طاق پر رکھا ہے اور اسکی رائے کے بغیر اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ اس رویہ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔بعدازاں مظاہرین کو ڈی سی ڈوڈہ بھوانی رکوال نے یقین دلایا کہ وہ اس معاملہ کی جانچ پڑتال کریں گے اور اس سلسلہ میں ضروری کاروائی کریں گے۔انہوں نے ایگزیکٹو افسر کو مظاہرین کے ساتھ ملاقات کرکے اپنی پوزیشن واضح کرنے کی ہدایت دی۔