جموں//محکمہ پی ایچ ای کے عارضی ملازمین نے خدمات کی مستقلی اورواجب الاداتنخواہوں کی واگزاری کی مانگوں کولے کرحکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ایس آراو 520 کوعملی جامہ پہنانے کامطالبہ کیا۔یہاں پریس کلب جموں کے باہراحتجاج کررہے پی ایچ ای کے آئی ٹی آئی تربیت یافتہ اورکیجول لیبر ملازمین نے ہاتھوں میں بینراٹھارکھے تھے جن پر’گورنرصاحب ،انصاف کرو،ایس آراو520لاگوکرو،ہم کیاچاہتے انصاف ‘نعرے درج تھے ۔اس دوران مظاہرین نے حکومت پران کی خدمات کی مستقلی کے سلسلے میں غیرسنجیدگی برتنے اورگزشتہ کئی مہینوں کی واجب الاداتنخواہیں واگذارنہ کرنے کاالزام عائدکیا۔اس دوران سراپااحتجاج پی ایچ ای عارضی ملازمین نے حکومت اورمحکمہ پی ایچ ای کے اعلیٰ حکام کے خلاف نعرے بازی کی اورمانگ کی کہ ہماری مانگیں تسلیم کی جائیں۔انہوں نے کہاکہ ہم اپنی تنخواہوں کی ادائیگی اورخدمات کی مستقلی کیلئے جدوجہدکریں گے لیکن حکومت بے حسی کامظاہرہ کررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اگرحکومت نے رویے میں تبدیلی نہ لائی توآنے والے دنوں میں احتجاج میں مزیدشدت لائی جائے گی۔