رمیش کیسر
نوشہرہ//خطہ پیر پنچال کے بیشتر علاقوں بالخصوص نوشہرہ اور اس کے مضافاتی علاقوں میں گزشتہ موسم سرما کے دوران معمول سے انتہائی کم بارش ہونے کے باعث گندم کی فصل کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ مقامی کسانوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر آئندہ ایک ہفتے کے اندر بارش نہ ہوئی تو فصل کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔قابل ذکر ہے کہ پیر پنچال کے پہاڑی اور میدانی علاقوں میں رواں موسم سرما کے دوران صرف 22 جنوری کو ایک مرتبہ بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔ اس کے بعد اب تک موسم خشک رہا ہے جس سے کھیتوں میں نمی کی شدید کمی پیدا ہو گئی ہے۔
زرعی ماہرین کے مطابق گندم کی فصل کو اس مرحلے پر مناسب نمی کی ضرورت ہوتی ہے، اور مسلسل خشک موسم فصل کی بڑھوتری کو متاثر کر سکتا ہے۔مقامی کسانوں سدھورام، اوم پرکاش، محمد شفیع، ستنام سنگھ، پیاری لال اور رنکو کمار نے کہا کہ بارش نہ ہونے کی وجہ سے کھیتوں میں دراڑیں پڑنا شروع ہو گئی ہیں اور گندم کی بالیاں مناسب نشوونما نہیں پا رہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اگر آئندہ چند دنوں میں بارش نہ ہوئی تو فصل تقریباً تباہ ہو جائے گی جس سے کاشتکاروں کو بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔کسانوں کے مطابق راجوری اور پونچھ کا بیشتر علاقہ پہاڑی ہے جہاں آبپاشی کے جدید ذرائع محدود ہیں اور زیادہ تر زراعت بارش پر منحصر ہے۔ ایسے میں بارشوں کی کمی براہِ راست فصلوں پر اثر انداز ہوتی ہے۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ محکمہ زراعت سے مطالبہ کیا کہ صورتحال کا جائزہ لے کر کسانوں کی رہنمائی کی جائے اور ممکنہ امدادی اقدامات پر غور کیا جائے۔مقامی لوگوں نے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ دنوں میں موسم تبدیل ہوگا اور بارشیں ہوں گی تاکہ فصل کو بچایا جا سکے اور کسانوں کو ممکنہ نقصان سے محفوظ رکھا جا سکے۔