یواین آئی
کابل// افغانستان نے گزشتہ ایک سال کے دوران پھلوں کی برآمدات سے 140 ملین ڈالر سے زیادہ کی کمائی کی ہے۔افغان وزارت صنعت و تجارت نے بتایا کہ ان برآمدات میں بنیادی طور پر سیب، انار، خوبانی، انگور، تربوز اور انجیر شامل ہیں۔طلوع نیوز نے رپوٹ کیا کہ یہ پھل متحدہ عرب امارات، ترکی، پاکستان، یورپ اور وسطی ایشیا کی منڈیوں تک پہنچائے گئے۔ وزارت کے مطابق، کل 317,517 ٹن تازہ پھل برآمد کیے گئے، جس سے تقریباً 142 ملین امریکی ڈالر کی آمدنی ہوئی۔چیمبر آف ایگریکلچر اینڈ لائیوسٹاک نے تجارتی راستوں کی بندش اور نقل و حمل کے زیادہ اخراجات کو برآمدات کے لیے بڑے چیلنج قرار دیا۔ ان رکاوٹوں کی وجہ سے افغانستان اب متبادل بندرگاہوں جیسا کہ چابہار اور بندر عباس استعمال کر رہا ہے۔ ماہرین نے افغان زرعی مصنوعات کی حفاظت اور ہموار تجارت کو یقینی بنانے کے لیے کولڈ اسٹوریج کی سہولیات اور متبادل تجارتی راستوں کو محفوظ بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔