مینڈھر//مینڈھر کے پٹھانہ تیر علاقہ کے لوگوں نے سنیچروار کو چھٹے دن بھی سکول کا درجہ بڑھانے کے مطالبے پراپنا احتجاج کیاتاہم بعد میں انہوںنے نائب تحصیلدار کی یقین دہانی پر یہ دھرنا کچھ دن کیلئے ملتوی کرنے کا اعلان کیاہے۔ دھرنے پر بیٹھے لوگوںنے حکومت اور سیاسی لیڈران کے خلاف نعرے بازی کی۔ ان کا کہنا ہے کہ پٹھانہ تیر میںفوری طورہائر سکنڈری سکول کا درجہ دیا جائے کیونکہ ان کے بچے دور دراز کے سکولوں میں نہیں جا سکتے ۔احتجاج کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے نائب تحصیلدار چھترال قاضی محمد منیرکو موقعہ پر بھیج کر حالات کا جائزہ لیا۔اس دوران لوگوں نے اپنے مطالبات نائب تحصیلدار کے سامنے رکھے اورتمام مطالبات سننے کے بعد نائب تحصیلدار نے احتجاج کرنے والے لوگوں کو یقین دلایا کہ سکول بڑھانے کی مانگ جائز ہے جسے حکام تک پہنچایاجائے گا۔نائب تحصیلدار نے لوگوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ وہ دو دن کا وقت دیں جس دوران حکام سے بات کی جائے گی ۔اس دوران لوگوں نے کہا کہ انہیں ہائر سکنڈری سکول چاہیے ورنہ وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔مظاہرین نے وزیر تعلیم اور دیگر حکام کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پٹھانہ تیر کو نظرانداز کیاگیاہے اور وہ اس ناانصافی پر خاموش نہیں ہوںگے بلکہ اپنے احتجاج کو مینڈھر ہیڈ کوارٹر تک لیجائیںگے۔ان کا کہنا تھا کہ قانونی طور بھی پٹھانہ تیر کے سکول کا درجہ بڑھایاجاناچاہئے تھالیکن لیڈران ان کے ساتھ زیادتی کر رہے ہیں۔لوگوں نے نائب تحصیلدار کے کہنے پر اپنا دھرنہ ختم کرتے ہوئے کہا کہ اگر مانگ پوری نہ ہوئی تو وہ پھر سے احتجاج شروع کردیںگے۔