راجوری+مینڈھر //پٹوار ایسوسی ایشن کے بینر تلے چوتھے روز بھی پٹواریوں کی راجوری پونچھ کے مختلف مقامات پر کام چھوڑ ہڑتال جاری رہی ۔ واضح رہے کہ تمام پٹوار خانے تالا بند ہیں جہاں پر کسی قسم کا کوئی بھی کام نہیں ہورہا جس کی وجہ سے لوگوں کو بھی مشکلات درپیش ہیں۔ضلع راجوری میں صدر مقام راجوری ، نوشہرہ اور دیگر مقامات پر پٹواریوں کی طرف سے پے گریڈ بڑھانے ، پٹواریوں کو ترقی دینے ، نائب تحصیلداروں کی براہ راست بھرتی پر پابندی عائد کرنے اور پٹوار خانوں کا کرایہ ادا کرنے کے حق میں دھرنے دیئے اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ۔وہیں ضلع پونچھ کے مینڈھر ،سرنکوٹ ، حویلی و دیگر مقامات پر بھی پٹواری ہڑتال پر ہیں۔اس سلسلہ میں مینڈھر میں پٹواریوں کی ہڑتال کا آج لگاتار چوتھا دن تھا۔پٹواری اپنی مانگوں کو لے کر لگاتار ہڑتال پر بیٹھے ہیں جس سے عام لوگ بری طرح پریشان ہو رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جب تک سرکار ان کی مانگوں کو پورا نہیں کرے گی وہ ہڑتال غیر معینہ مدت تک جاری رکھیںگے۔مینڈھرتحصیل کمپلیکس کے باہردھرنے میں تینوں تحصیلوں کے پٹواری اور گرداوروں کی ایک بھاری تعداد میں شرکت کی اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ۔ اس موقعہ پر مقررین نے کہا کہ انہوں نے بار بار اپنے جائز مطالبات کو حل کرنے کی سرکار سے اپیل کی لیکن سرکار کی یقین دہانیوں کے بعدکوئی اقدام نہیں کیاگیااور وہ احتجاج کرنے پر مجبو رہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سرکار پٹواریوں کے مطالبات فوری طور حل کرے تاکہ عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔پٹواریوںکی ہڑتال سے پریشان عام لوگ دربدر ہیں۔ اعجاز الحق نے کہا کہ مختلف محکمہ جات کے ملازمین سراپا احتجاج ہیں اوراب پٹواری بھی کام چھور ہڑتال کررہے ہیں جس سے ان کے کام کاج پر اثرپڑاہے ۔انہوں نے کہاکہ لوگوں کو میلو ں کاسفر طے کرکے خالی ہاتھ واپس لوٹناپڑتاہے جو افسوسناک بات ہے اس لئے حکومت کو پٹواریوںکی ہڑتال ختم کروانی چاہئے ۔