پٹن میں مسلح جھڑپ،2ملی ٹینٹ ہلاک شوپیان میں شبانہ تصادم آرائی کے دوران ملی ٹینٹ فرار،گریز میں اسلحہ و گولہ بارود ضبط

فیاض بخاری +شاہد ٹاک

بارہمولہ+شوپیان// شمالی قصبہ پٹن کے یدی پورہ حیدر بیگ علاقے میں جمعہ کے روز شمالی کشمیر کے سب سے بڑے فوجی ٹرانزٹ کیمپ کے نزدیک مسلح تصادم ہوا جس میں 2مقامی ملی ٹینٹ مارے گئے۔ادھر چترا گام شوپیان میں شبانہ تصادم آرائی میں ملی ٹینت فرار ہونے میں کابیاب ہوئے جبکہ گریز میں بھاری اسلحہ و گولہ بارود ضبط کیا گیا۔پولیس کے مطابق ضلع بارہمولہ کے یدی پورہ پٹن میں ملی ٹینٹوں کی نقل و حرکت سے متعلق مخصوص اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے، پولیس، 29 آر آر اور 2 بٹالین ایس ایس بی کی مشترکہ ٹیموں نے جمعرات کی شب بستی کو گھیرے میں لیا اور دوران شب ہی صبح ساڑھے 3بجے کے قریب تلاشی کارروائی شروع کی۔ پولیس کے مطابق تلاشی کے دوران بستی میں چھپے ملی ٹینٹوں نے تلاشی پارٹی پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا جو جمعہ کی صبح8 گھنٹے تک جاری ری۔پولیس کے مطابق جھڑپ مین ایک رہائشی مکان تباہ ہوا۔انہو ںنے بتایا کہ برآمد شدہ لاشوں سے اسلحہ اور گولہ بارود سمیت اشتعال انگیز مواد بھی برآمد ہوا ۔جمعہ کی صبح 11بجے آپریشن ختم کیا گیا۔اے ڈی جی پی کشمیر وجے کمار نے کہا کہ معرکہ آرائی میں جیش محمد کے 2ملی ٹینٹ مارے گئے جو مقامی تھے۔ایس ایس پی بارہمولہ رئیس محمد بٹ نے اس سلسلے میں فوجی آفیسران کے ہمرہ ایک پریس کانفرنس دیتے ہوئے کہا کہ انٹیلی جنس رپورٹس سے پتہ چلتا ہے کہ مذکورہ ملی ٹینٹوں کو پٹن بارہمولہ میں جاری فوجی ریکروٹمنٹ ریلی (اگنویر) پر حملہ کرنے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔ ان کا مشن ان نوجوانوں کو پریشان کرنے کے لیے اس بھرتی ریلی کو خلل ڈالنے نا تھا۔ تاہم فورسز اس منصوبے کو ناکام بنانے میں کامیاب رہی۔ انہو ں نے کہا کہ آپریشن کے دوران سکورٹی فورسز کو کوئی نقصان نہیں ہوا ۔ ایس ایس پی کے مطابق اگرچہ جھڑپ کی جگہ کو صاف کر دیا گیا ہے، لیکن عوام سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ فی الحال تصادم کی جگہ کے قریب جانے سے گریز کریں اور کسی بھی مشکوک چیز کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔ایس ایس پی نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ تشدد کا راستہ نہ اپنائیں۔
شوپیان
شوپیان کے مول چترا گام گائوں میں شبانہ تصادم آرائی کے دوران ملی ٹینٹ محاصرہ توڑ کر فرار ہوئے۔پولیس کے مطابق مول گائوں میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد جمعرات کی شب قریب 2بجے محاصرہ کیا گیا اور اسکے لئے پولیس نے44آر آر اور 178بٹالین سی آر پی ایف کی خدمات حاصل کی گئیں۔ پولیس کے مطابق کچھ وقت تک شبانہ تلاشی آپریشن کے دوران ہی ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کا آمنا سامنا ہوا ۔ پولیس کے مطابق ابتدائی جھڑپ کے بعد علاقے میںخاموشی چھا گئی جس کے بعد کہیں پر بھی دوبارہ ملی ٹینٹوں اور فورسز کا سامنا نہیں ہوا جس کے بعد علاقے میں تلاشی آپریشن جاری رکھا گیا اور جب ملی ٹینٹ موجود نہیں پائے گئے تو صبح 9بجے محاصرہ ہٹایا گیا۔
گریز بانڈی پورہ
پولیس نے کہا کہ فوج نے سرحدی علاقہ گریز میں ایک تلاشی کارروائی کے دوران بڑی مقدرمیں اسلحہ اورگولی بارود برآمد کرکے ضبط کیا ۔ پولیس نے بتایاکہ سرحدی علاقہ گریز میں لائن آ ف کنٹرول کے نزدیک واقع نوشہرہ ناڑمیں تلاشی کارروائی عمل میں لائی گئی ۔کشمیرزون پولیس نے آآفیشل ٹویٹر ہینڈل پرتفصیلات دیتے ہوئے لکھاکہ نوشہرہ ناڑ گریز سے پولیس وفوج نے 7اے کے47رائفلیں،21میگزین،1190گولیاں،2پستول،132رائونڈ گولیاں ،13گرینیڈ اوردیگر قابل اعتراض موادبرآمد کرکے ضبط کیا ۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزیدتحقیقات شروع کردی ہے ۔