عظمی نیوزسروس
پونچھ//پولیس نے منگل کے روز ایک اہم کارروائی کے دوران پانچ اشتہاری اور مفرور ملزمان کو گرفتار کر لیا، جو طویل عرصے سے مختلف فوجداری مقدمات میں مطلوب تھے اور گرفتاری سے بچ رہے تھے۔پولیس کے ایک ترجمان کے مطابق، یہ کارروائی تھانہ سرنکوٹ کی جانب سے ایس ڈی پی او سرنکوٹ کی نگرانی میں انجام دی گئی، جس کے دوران خصوصی ٹیموں نے مسلسل کوششوں اور مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر مفرور ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کیا۔گرفتار شدگان کی شناخت بشارت حسین ولد محمد بشیر، ساکن سانگلہ سرنکوٹ کے طور پر ہوئی ہے، جو ایف آئی آر نمبر 207/2018 کے تحت دفعات 452، 382، 148، 324، 325 اور 147 آر پی سی میں مطلوب تھا اور 3 دسمبر 2024 کو اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔دیگر ملزمان میں محمد اقبال ولد محمد شریف، غلام احمد ولد باغ حسین اور محمد شریف ولد فتح محمد (قوم گوجر)، ساکنان ہری سرنکوٹ شامل ہیں، جو ایف آئی آر نمبر 284/2018 کے تحت دفعات 452، 147، 148، 324 اور 323 آر پی سی میں مطلوب تھے اور 29 دسمبر 2018 کو مفرور قرار دیے گئے تھے۔ایک اور ملزم محمد اکرم ولد عبداللہ، ساکن سانگلہ سرنکوٹ، ایف آئی آر نمبر 243/2012 کے تحت دفعات 341، 323 اور 324 آر پی سی میں مطلوب تھا اور 30 مارچ 2017 کو اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔ترجمان کے مطابق، خصوصی پولیس ٹیمیں ایس ایچ او سرنکوٹ کی قیادت میں تشکیل دی گئی تھیں، جنہوں نے مسلسل محنت اور مربوط کارروائی کے ذریعے کئی برسوں سے مفرور ان ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی۔تمام گرفتار شدگان کو مزید قانونی کارروائی کیلئے مجاز عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔پولیس نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کیلئے مفرور ملزمان اور جرائم میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔