محتشم احتشام
پونچھ//عوام کو معیاری اور صحت بخش اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے محکمہ فوڈ سیفٹی نے ضلع پونچھ میں اپنی نگرانی کی سرگرمیوں کو مزید تیز کر دیا ہے۔اسی سلسلے میں محکمہ کی جانب سے بازاروں میں گوشت فروخت کرنے والی دکانوں کی خصوصی جانچ مہم شروع کی گئی، جس کے تحت مختلف مقامات پر اچانک معائنہ کیا گیا۔اس کارروائی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی راجوری/پونچھ طارق محمود نے کی۔ان کے ہمراہ انسپکٹر ظفر اقبال اور محکمہ کا دیگر تکنیکی عملہ بھی موجود تھا۔ ٹیم نے پونچھ بازار کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے متعدد میٹ شاپس پر اچانک چھاپے مارے اور وہاں فروخت ہونے والے گوشت کے معیار، صفائی ستھرائی اور حکومتی ضابطوں پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا۔
معائنہ کے دوران حکام نے خاص طور پر اس بات کو یقینی بنایا کہ دکانوں میں فروخت ہونے والا گوشت تازہ اور انسانی صحت کے لیے محفوظ ہو۔اس کے علاوہ دکانوں کے اندر صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال، گوشت رکھنے اور کاٹنے کے آلات کی صفائی اور صحت کے اصولوں کی پابندی کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ ٹیم نے یہ بھی چیک کیا کہ آیا دکانداروں نے حکومت کی جانب سے مقرر کردہ نرخ نامے نمایاں مقامات پر آویزاں کر رکھے ہیں اور کیا وہ سرکاری نرخوں کے مطابق گوشت فروخت کر رہے ہیں۔جانچ پڑتال کے دوران اسسٹنٹ کمشنر اور ان کی ٹیم نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ بیشتر دکاندار فوڈ سیفٹی ایکٹ کے قواعد و ضوابط پر عمل کرتے ہوئے پائے گئے۔ متعدد دکانوں میں صفائی ستھرائی کا مناسب انتظام تھا اور گوشت کا معیار بھی تسلی بخش پایا گیا، جسے عوامی صحت کے حوالے سے مثبت پیش رفت قرار دیا گیا۔اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر طارق محمود نے کہا کہ عوام کی صحت کے معاملے میں کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کی ٹیمیں وقتاً فوقتاً بازاروں کا دورہ کرتی رہیں گی تاکہ اشیائے خوردونوش کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔انہوں نے تاجر برادری کو ہدایت دی کہ وہ صفائی ستھرائی کو اپنی اولین ترجیح بنائیں اور حکومتی قوانین و ضوابط کی سختی سے پابندی کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو دکاندار مقررہ اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائے جائیں گے، ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جا سکے۔