محتشم احتشام
پونچھ// شہر پونچھ میں واقع کرشن چندر پارک میں قائم باغِ گلِ لالہ ان دنوں شہریوں کی توجہ اور دلچسپی کا مرکز بنا ہوا ہے۔ پارک میں مختلف رنگوں اور اقسام پر مشتمل چھ قسم کے گلِ لالہ کی خوبصورت کیاریاں نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کر رہی ہیں بلکہ سیاحتی ماحول کو بھی فروغ دے رہی ہیں۔ صبح و شام شہریوں کی بڑی تعداد ان دلکش پھولوں کا نظارہ کرنے کیلئے پارک کا رخ کر رہی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ محکمہ نے جس محنت اور سلیقے سے گلِ لالہ کی کاشت اور دیکھ بھال کی ہے، وہ قابلِ ستائش ہے۔ منظم قطاروں میں سجے سرخ، زرد، گلابی اور بنفشی رنگوں کے پھول پارک کو ایک جاذبِ نظر منظرنامہ عطا کر رہے ہیں۔ بچوں اور نوجوانوں سمیت بزرگ شہری بھی اس دلکش ماحول سے لطف اندوز ہو رہے ہیں اور اسے شہر کے لئے ایک خوش آئند قدم قرار دے رہے ہیں۔پارک میں موجود شہریوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ کرشن چندر پارک میں مزید اقسام کے پھول اور تزئین و آرائش کے منصوبے شامل کیے جائیں تاکہ یہ مقام ایک مکمل تفریحی اور سیاحتی مرکز کی شکل اختیار کر سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارک میں مزید کیاریاں بنانے اور مختلف موسمی پھول لگانے کی گنجائش موجود ہے، جس سے اس کی دلکشی میں کئی گنا اضافہ ہو سکتا ہے۔شہریوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ بڈھا امرناتھ مندر منڈی منڈی کے قریب بھی ایک باقاعدہ باغِ گلِ لالہ قائم کیا جائے۔ ان کے مطابق بڈھا امرناتھ ایک معروف مذہبی و سیاحتی مقام ہے، جہاں سال بھر عقیدت مندوں اور سیاحوں کی آمد رہتی ہے۔ اگر وہاں بھی گلِ لالہ کا باغ تیار کیا جائے تو نہ صرف علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ سیاحت کو بھی تقویت ملے گی۔شہری حلقوں نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ محکمہ آئندہ برسوں میں اس اقدام کو مزید وسعت دے گا تاکہ پونچھ کو ایک خوبصورت اور سرسبز شہر کے طور پر نمایاں مقام حاصل ہو سکے۔