محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کے سدباب کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک نظر ارہی ہے۔اسی حوالے سے ضلع ترقیاتی کمشنر اشوک کمار شرما کی زیر صدارت نارکو کوآرڈی نیشن سینٹر (NCORD) کے ضلعی سطح کے اجلاس میں انسدادِ منشیات اقدامات کا تفصیلی اور ہمہ جہتی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شفقت حسین بھٹ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر طاہر مصطفی ملک، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو محمد سعید، چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد پرویز، سب ڈویژنل مجسٹریٹس، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، تحصیلداروں، کالج سربراہان، سی آئی ڈی، موٹر وہیکل ڈیپارٹمنٹ، ڈرگ انسپکٹر، محکمہ جنگلات کے نمائندگان سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ضلع کی تمام تحصیلوں میں جاری انسدادِ منشیات کارروائیوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ سب ڈویژنل مجسٹریٹس اور تحصیلداروں نے اپنے اپنے علاقوں کی تفصیلی رپورٹس پیش کیں، جن میں منشیات کے عادی افراد کی صورتحال اور کیمسٹ دکانوں کی سخت نگرانی کے لیے کیے گئے اقدامات شامل تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے ڈرگ انسپکٹر کو سختی سے ہدایت دی کہ ضلع بھر کی تمام ادویات کی دکانوں میں سو فیصد کمپیوٹرائزڈ بلنگ کو یقینی بنایا جائے، تاکہ ادویات کے غلط استعمال اور غیر قانونی فروخت پر مؤثر قابو پایا جا سکے۔اس موقع پر ایس ایس پی شفقت حسین بھٹ نے حالیہ نفاذی کارروائیوں کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے بین الاداراتی ہم آہنگی کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔چیف میڈیکل آفیسر اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے صحت مراکز کے ذریعے جاری کونسلنگ سروسز، طبی مداخلتوں اور آگاہی مہمات پر روشنی ڈالی، جن کا مقصد منشیات کے عادی افراد کی بحالی اور عوام میں شعور اجاگر کرنا ہے۔اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ منشیات کے ناسور کے خلاف مربوط حکمت عملی، سخت نگرانی اور عوامی شمولیت کے ذریعے ضلع پونچھ کو اس لعنت سے پاک کرنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔